اننت ناگ//فوج کی 15ویں کورکے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے جنوبی کشمیرکادورہ کرکے امن وقانون کی صورتحال کاجائزہ لیا۔جنرل ڈی پی پانڈے نے وکٹر فورس کے کمانڈرریشم بالی کے ہمراہ فوج کی پندرہویںکورکی کمان سنبھالنے کے بعداپنے پہلے دورہ کے دوران امن وقانون کی صورتحال،جنگجومخالف آپریشنوں اورجنگجوئوں کی سرگرمیاں کے بارے میں فوجی حکام سے جانکاری حاصل کی ۔انہوںنے فوجی افسروں سے کہاکہ وہ عام لوگوں کیساتھ تال میل اوررابطوںکومزیدبہتر بنانے کیلئے عام شہریوں کودرپیش مشکلات کاسدباب کرنے میں رول اداکرتے رہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ ڈی پی پانڈے نے فوجی حکام سے کہاکہ وہ نوجوانوں کیلئے مختلف کھیل مقابلوں کااہتمام کرنے کیساتھ ساتھ اُنھیں کھیل کودکیلئے درکار سہولیات بہم رکھنے میں مددجاری رکھیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ فوج اورعوام کے رابطوں کومستحکم بنانے سے قیام امن میں مددملے گی ،اسلئے فوج کوچاہئے کہ وہ عام لوگوں کودرپیش مشکلات کاازالہ کرنے میں اپنا رول نبھاتے رہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے کہاکہ فوج کی جانب سے مختلف طر زکے پیشہ وارانہ کورسزاورپروگراموں کااہتمام کیاجاتاہے ،اوریہاں بھی اس قسم کی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ فوج کشمیرکے سبھی میونسپل اداروںکومددفراہم کرنے کیلئے تیار ہے تاکہ وہ نوجوانوں کیلئے پیشہ وارانہ کورسزاورکھیل کودکے مقابلوںکااہتمام کرواسکیں ۔