رمضان میں بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کا مطالبہ
جاوید اقبا ل
مینڈھر //سنیئر سماجی کارکن ڈاکٹر شہزاد ملک نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان میں عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکموں کو متحرک کیا جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ سرحدی ضلع پونچھ کے اکثر دیہات میں عوام کے پاس بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سب ڈویژن مینڈھر کے کئی دیہات میں بجلی کی معقول سپلائی ہی فراہم نہیں کی جارہی ہے جبکہ اکثر مقامات پر بجلی کی سپلائی لکڑی کے کھمبوں او ر سبز درختوں کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کیلئے لوگ کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرتے ہیں ۔موصوف نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان میں بجلی و پانی کی مناسب سپلائی کیساتھ ساتھ صارفین کیلئے راش بھی دستیاب رکھا جائے تاکہ ان کو کسی بھی قسم کی دقلت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
راجوری میں خاتون کی مشکوک موت
پولیس نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں ایک خاتون کی ہوئی مشکوک موت کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔خاتون کی شناخت 20سالہ نسیم اختر زوجہ عبدالمجید سکنہ سواڑی کوٹرنکہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایاکہ بدھ کو بعد دوپہر خاتون کی مشکوک حالت میں صحت خراب ہو گئی جس کے بعد لواحقین نے اس کو ہسپتال منتقل کیا تاہم اس کی راستے میں ہی موت واقعہ ہو گئی ۔اطلاع موصول ہونے کے بعد کنڈی پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم نے لاش کو اپنی تحول میں لے کر اس کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی منتقل کر دیا جہاں پر اس کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ایس ایچ او کنڈی پولیس سٹیشن نے بتایا کہ اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ڈاکٹر برکت حسین کی والدہ انتقال کر گئی
سماجی و سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تحصیل تھنہ منڈی میں محکمہ پشو پالن میں تعینات ڈاکٹر برکت حسین کی والدہ بانو بیگم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ مرحومہ انتہائی نیک سیرت خاتون تھیں جبکہ ان کی وفات پر تھنہ منڈی کی سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات نے افسوس اکا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ تعزیت کی ہے ۔مرحومہ کے نماز جنازہ میں علاقہ کے معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حافظ محمد اشتیاق نقشبندی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاشبہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے لہذا اس دنیا میں رہ کر ہمیں آخرت کی تیاری کرنی ہے۔انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ نعمتوں میں سب سے عظیم نعمت ایمان کی دولت ہے۔ لہذا ایمانی تقاضا یہ ہے کہ ایمان جیسی عظیم دولت کی حفاظت کریں اور اسے بچا کر رکھیں۔کئی شخصیات نے مرحوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔
رمضان میں پانی بجلی دستیاب رکھنے کی اپیل
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کے معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چل رہے ماہ رمضان میں عوام کی سہولیت کیلئے دیہات میں پانی و بجلی کی سہولیات میسر رکھی جائیں ۔پنچایت حلقہ اپر گھبر کے نائب سرپنش ارشد حسین میر نے کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژن میں غریب عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں جبکہ دیہات میں بجلی و پانی کی معیاری سپلائی بھی دستیاب نہیں ہو تی ۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے شروع ہوتے ہی ہمیشہ بجلی کی سپلائی متاثر رہتی ہے تاہم اس بار متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ معقول سپلائی دستیا ب رکھی جائے ۔علاقہ کے دیگر معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بدھل اور خواص میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ راشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی کم ہو سکے ۔