سرینگر///سوشل میڈیا پرسینئر علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کے نام سے منسوب ایک ٹویٹ ،جس میں جمعہ کو مبینہ طور پر بچوں کے مارنے اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کرنے پرہڑتال کی کال دی گئی ہے، کو پولیس نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے نامعلوم افراد کیخلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق پولیس نے جمعرات کو کہا کہ سید علی گیلانی نے آج یعنی جمعہ کیلئے کوئی ہڑتال کال جاری نہیں کی ہے۔پولیس کے مطابق سید علی گیلانی سے جو ٹویٹ منسوب کیا گیا ہے ’’وہ جعلی ہے اور کسی نے پاکستان سے جاری کیا ہے‘‘۔پولیس نے گیلانی کے افراد خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’وہ ٹویٹ نقلی ہے اور ہم ان افراد کیخلاف کارروائی کریں گے جو اس کو سوشل میڈیا پر پھیلاکر تشدد کو ہوا دے رہے ہیں‘‘۔پولیس کے مطابق ’’جعلی ٹویٹ میں گیلانی نے آج یعنی جمعہ کیلئے ہڑتال کی اپیل کی ہے‘‘۔پولیس کے مطابق اس معاملے میں پولیس اسٹیشن بڈگام میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے ۔ ادھر پولیس سربراہ وجے کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’سوشل میڈیا کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنا معمول کا کام جاری رکھیں۔