کنگن+سوپور+بانڈی پورہ//ماہ صیام کے متبرک ایام میں اشیائے ضروریہ اور خاص کر سبزیوں اور میوہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ پر کنگن، سوپور اور بانڈی پورہ میں عوام نے گراں فروشوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی انتظامیہ سے مانگ کی ہے۔ وسطی ضلع گاندربل میں تحصیل کنگن اور گنڈ میں تازہ سبزیوں اور میوہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اور لوگ مجبوری کے عالم میں اونچے داموں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ مرغ فروش بھی محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں سے زیادہ وصول کرتے ہیں ۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہ صیام کے متبرک ایام کے دوران چیکنگ سکارڈ کو متحرک کیا جائے اور قصور وار دوکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس دوران کئی سبزی ،میوہ اورمروغ فروشوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ عوامی شکایت اپنی جگہ لیکن ہول سیل ڈیلر ان سے زیادہ قیمتوں میں سبزی، میوہ اور مروغ فروخت کرتے ہیں اور دکانداروں کو بھی ایک دو روپے اس میں کمانے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہول سیل دوکانداروں پر متعلقہ محکمہ لگام کسے گا تو ریٹیل دوکاندار خودبخود قیمتوں میں کمی کرسکتا ہے لیکن محکمہ صرف دوکانداروں کے پیچھے پڑا ہے اور ہول سیل دوکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ ادھرسوپور اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو اضافی قیمتوں پرسبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرکے انہیں دو دو ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے ۔سوپور کے عوامی حلقوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماہ مقدس شروع ہوتے ہی دوکانداروں نے سبزی، میوہ، مرغ اور دوسرے ضروری اشیاء پر ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز عناصر نے قیمتوں میں بلاوجہ اضافہ کیا ہے جبکہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے نرخ ناموں کو بالائے طاق رکھ کر از خود تمام قیمتیں مقرر کرلی ہیں۔ عوامی حلقوں کی شکایات پر جمعہ کو تحصیلدار سوپور کی سربراہی میں محکمہ امور صارفین اور پولیس کے اشتراک سے قصبہ کے مختلف بازاروں کے دوکانداروں کا معائنہ کیا اور انہیں موقع پر ہدایت دی کہ وہ سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیاء کی فروخت عمل میں لائیں۔ انہوں نے مرغ فروشوں کو مرغ /125 روپے فی کلو گرام فروخت کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا اگر کسی بھی دوکاندار کو خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔اس دوران بانڈی پورہ ضلع میں اشیائے خوردنی کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ مرغ فروش ،قصائی ،سبزی فروش اورمیوہ فروش ،کریانہ دکاندار لوگوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔بانڈی پورہ قصبے میں مرغ فروش سرکاری نرخنامہ 125 روپیہ فی کلو کو نظرانداز کر کے 170روپیہ فی کلو گرام کھلے عام فروخت کرتے ہیں ،قصائی 600روپے فی کلوگرام فروخت کرتے ہیں ،بڑا گوشت 400روپے فی کلو گرام فروخت کرتے ہیں جبکہ سبزی اور میوہ کو بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کرکے گاہکوں کو کیلا کی طرح چھیلتے ہیں ۔اسی طرح کی اطلاعات سمبل ،حاجن ،اجس نائندکھے ،آلوسہ ،کلوسہ ،اشٹٹنگوسے ملی ہیں۔ بانڈی پورہ کے لوگ یوٹی سرکار اور ڈویژنل کمشنر کشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے موثر کارروائی کریں ۔