سرینگر//خاتون جنت ، سیدۃالنسا حضرت فاطمتہ الزّہرا ؓ کے عرس مبارک پر جمعیت ہمدانیہ اور حقانی میموریل ٹرسٹ نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ خانقاہِ جامع پانپور میں تقریب منعقد ہوئی جہاں نمازِ جمعہ سے قبل میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے فلسفہ رمضان المبارک ، روزوں کی فضیلت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت خاتون جنت سید ۃالنسا فاطمۃالزہراؓ کی علمی ، روحانی ، شرم وحیا ، تقوی ، ریاضت پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے کہاکہ ملت کی ماں بہنوں کو حضرت فاطمۃالزہراؓ کی تعلیم پر چل کر زندگی گزارنا چایئے اِسی میں اُن کی دنیا اور آخرت کی زینت ہے۔انہوں نے سماج میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی ، بے شرمی ، بے حیائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل میں نمازِ ظہر سے قبل امام و خطیب ڈاکٹر کمال الدین فاروقی نے سیرت سیدۃ النساؓ بیان کی جبکہ پروفیسر طیب احمد کاملی نے خانقاہِ نقشبندیہؒ،مولانا شوکت حسین کینگ نے خانقاہِ صبور باب صاحب ؒبربرشاہ، مولانا خورشید احمد قانونگو نے خانقاہِ اکملیہ، سید رضا حامد نے خانقاہِ زیندار صاحبؒ اور ڈاکٹر قاری حافظ مولوی لطیف احمد نے مسجد قاضی یار میں سیدۃ النساءؓ کے علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ نے آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا جس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کااستقبال کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت اطہار کی محبت اہل سنت کا جزو ایمان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آپؓ کے مشہور القابات ’’زہرا‘‘اور ’’سیدۃ النساء العالمین‘‘ہیں اس لئے آپؓ کودنیاوجنت کی خواتین کی سردارقراردیاگیا ہے ۔مولانا شوکت حسین کینگ نے خاتون جنت ؓ کے یوم وصال کی نسبت سے فرمایا کہ امہات المومنین ؓ، صحابہ کرام ؓ سے لے کر اولیاؒکاملین نے انؓ کے مناقب اورفضائل بیان کئے ہیں حتیٰ کہ غیر مسلم مفکران نے سیدہ کائنات ؓکی سیرت سے متاثر ہوکر انؓ کی توصیف میں مضامین رقم کئے ہیں ۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے مجلس میں سردار خواتین جنت ؓکے فضائل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن مقدس اور احادیث نبوی میں انؓ کے مناقب بیان ہونا انکی عظمت کی عکاسی ہوتی ہے اللہ تعالیٰ نے اہل بیت عظام کو طہارت کا وہ اعلی مقام عطا کیاجیسے کہ انکی شان کے لائق ہے۔ دارلعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ کے مہتمم مولانا طارق احمد مصباحی نے خاتون جنتؓ کی شان میں فرمایا کہ اگرکوئی صبروقناعت کی زندہ تصویر کو دیکھنا چاہے توسیدہ فاطمہؓ کی زندگی کامطالعہ کریں۔انجمن مصباح الاسلام کے سربراہ مولانا مبارک حسین نعمانی نے حضرت فاطمتہ الزہرا ؓکے مناقب بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ وہ گھرا نا ہے جس پر درودپڑھے بغیرمسلمانوں کی نماز ہی مکمل نہیں ہوتی۔