راجوری +مینڈھر //خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ سے بر ف ہٹانے کے بعد نجی گاڑیوں کے چلانے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ٹریفک حکام کی جانب سے سرنکوٹ کے بہرام گلہ علاقہ میں ایک چوکی قائم کر دی گئی ہے تاہم انتظامیہ نے کہاکہ کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انتظامیہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں مغل شاہراہ سے برف ہٹائی گئی تھی تاہم ڈرائیور اپنے جان ہتھیلی پر رکھ کر گاڑیاں شاہراہ پر چلانا شرو ع ہو گئے ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ ڈرائیوروں کیخلاف کوئی کارروائی ہی عمل میں نہیں لائی گی ۔غور طلب ہے کہ دونوں خطوں کو آپس میں جوڑنے والی شاہراہ کو اپریل کے پہلے ہفتے میں ٹریفک کی بحالی کے قابل بنایا گیا تھا لیکن ضلع انتظامیہ اعلیٰ حکام کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے جاری ہونے والے حکم نامے کا انتظار کر رہی ہے تاہم اس دوران ایک اطلاع کے مطابق درجنوں گاڑیوں شاہراہ پر روزنہ کی بنیادوں پر سفر کررہی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں کئی ایک ڈرائیور سوشل میڈیا پر شاہراہ پر چلنے کی ویڈیو بھی شائع کررہے ہیں جن میں گاڑیوں کی آمد ورفت کو دیکھا جاسکتا ہے ۔اس سلسلہ میں ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ افتاب شاہ نے بتایا کہ غیر قانونی طریقہ سے چلنے والی گاڑیوں کو روکنے کیلئے بہرام گلہ میں ایک چوکی قائم کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی ویڈیو پیر گلی اور شوپیاں کے درمیان کی ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ پونچھ کی جانب سے کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر ابھی چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔