پونچھ ضلع کے تعلیمی شعبہ میں کئی آفیسران کی کرسیاں خالی
۔11زونل ایجوکیشن آفیسران میں سے 6تعینات ،پرنسپلوں کے پاس اضافی چارج
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں محکمہ تعلیم پسماندگی کا شکار ہوتا جارہا ہے جبکہ اعلیٰ حکام ضلع میں شعبہ کے آفیسران کی خالی نشستیں بھرنے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ضلع کے کل 11ایجویشنل زونوں میں سے پانچ میں زونل ایجوکیشن آفیسران تعینات ہی نہیں ہیں جبکہ ہائر سکینڈری سکولوں کے پرنسپلوں کو زونل ایجوکیشن آفیسران کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ضلع پونچھ جو کہ جغرافیائی اعتبار سے پہاڑی ضلع ہے جبکہ اس کا ایک وسیع علاقہ حد متارکہ کے قریب ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے بہتر کام کاج چلانے کے سلسلہ میں تعلیمی اعتبار سے ضلع کے مختلف علا قوں کو 11تعلیمی زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حالیہ کئی عرصہ سے ضلع میں زونل ایجوکیشن آفیسران کی گیارہ میں سے 5اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔خالی پڑی ہوئی اسامیوں میں زونل ایجوکیشن آفیسر ساتھرہ ،بفلیاز ،بالا کوٹ ،مینڈھر اور منکوٹ زونل ایجوکیشن آفیسر کی نشست ہے جبکہ انتظامیہ نے کام چلانے کیلئے سنیئر پرنسپلوں کو زونل ایجوکیشن آفیسران کا اضافی چارج بھی دیا ہوا ہے ۔تحصیل بالا کوٹ کے ایک ٹیچر نے بتایا کہ آفیسر کی غیر موجودگی میں شعبہ کا کام کاج متاثر ہوتا ہے ۔شعبہ کے حکام کے مطابق اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو تحریری طورپر لکھا گیا ہے جبکہ امید ہے کہ جلد ہی آفیسران کی خالی پڑی ہوئی اسامیاں پُر کی جائیں گی ۔
شراب سمیت 1گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے راجوری ضلع کے کالا کوٹ علا قہ میں شراب کیساتھ ایک شخص کو گرفتار کر کے معاملہ درج کر لیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تریاٹھ علاقہ میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی چیکنگ پر تھی کہ اس دوران ایک شخص مشکوک حالت میں پولیس سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم موقعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے اس کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ۔اس کی تلاشی کے دوران پولیس نے اس کے قبضہ سے غیر قانونی طورپر رکھی گئی 4لیٹر شراب ضبط کر لی ۔پولیس نے ملزم کو موقعہ سے ہی گرفتار کر لیا جس کی شناخت شام سنگھ ولد دیا رام کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
تھنہ منڈی میں دو منشیات فروشوں گرفتار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // انسداد منشیات کے محاذ پر تھنہ منڈی پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے دس گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا ۔ اس کے علاوہ کچھ مقدار میں مشکوک نقدی بھی برآمد ہوئی۔ جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او تھنہ مندی ، انسپکٹر فرید احمد چوہدری کی سربراہی میں ایک ٹیم تھنہ مندی ، شاہدرہ روڈ پر معمول کی گشت پر تھی کہ بھنگائی کے مقام پر ایک کار زیرنمبر -JK11D 4352 کو چیکنگ کے لئے روکا گیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار دو منشیات فروشوں کے قبضے سے تقریبا 10 گرام ہیروئن اور تیرہ ہزار روپے کی نقدی برآمد ہونے کے بعد پولیس نے ان ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ منشیات فروشوں کی شناخت عظمت شاہ ولد نذیر حسین سکنہ کوٹ دھڑہ راجوری اور امتیاز احمد ولد محمد حسین سکنہ سیالسوئی کالاکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ان افراد کے خلاف تھنہ مندی پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/22/60 کے تحت ایف آئی آر نمبر 59/2021 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری کر دی ہے۔
تھنہ منڈی میں مارکیٹ چیکنگ کی گئی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // قصبہ تھنہ منڈی میں گزشتہ روز تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ مارکیٹ چیکنگ کی۔ چیکنگ کے دوران ان کے ہمراہ نائب تحصیلدار قمر دین ، خلاف ورزی انسپکٹر ، میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی اور محکمہ امور صارفین کے ملازمین ، میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے سینٹری سپروائزر حاجی محمد بشیر چوہدری اور مقامی پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر تحصیلدار نے تمام دکانوں کا معائینہ کیا اور دْکانداروں کو ہدایت بھی دی کے وہ ریٹ لست کے مطابق ہی لوگوں کو سامان دیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی دکان پراگر غیر معیاری ساز و سامان ملا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ تحصیلدار نے دْکانداروں کو سخت ہدایت دی کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونیت کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا لہذا سب کو ریٹ لسٹ کے مطابق سامان فروخت کرنا ہوگا۔اس مہم کے دوران آفیسر موصوف نے دکانداروں و عام مکینوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان کے دوران قصبہ میں صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھیں جبکہ کووڈ کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے ماسک و دگر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔
سبکدوش پولیس انسپکٹر کامختصر علالت کے بعد انتقال
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے سبکدوش پولیس انسپکٹر الحاج عبدالغنی مستانہ کا مختصر علالت کے بعد انتقال ہو گیا جبکہ ان کی وفات پر کسی سیاسی ،مذہبی اور سماجی شخصیات نے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔ان کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجاد تھنہ منڈی کے ادا کی گئی جبکہ نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد نے شرکت کی ۔ان کی نماز جنازہ میںماہر تعلیم خورشید احمد بسمل ، بی ڈی سی چیئر مین روزی ظفر ، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر بشیر احمد وانی ، کونسلر حاجی محمد اقبال رینہ، فارسٹر حاجی نثار حسین ، مشتاق احمد شال ، حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی ،مفتی عبدالرحیم ضیائی ، نامور سیاستدان نزیر احمد گنائی ، بی جے پی کے سینئر لیڈر عبدالغنی شال ، اور این سی کے شمیم احمد مغل ودیگران نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر سیاسی و سماجی شخصیات نے مرحوم کوشریف النفس قرار دیتے ہوئے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔
ضلع عدالت پونچھ میں اجلاس منعقد
حسن محتشم
پونچھ// بار ایسوسی ایشن پونچھ نے اے ڈی آر سینٹر پونچھ میں ایک تعارفی اجلاس منعقد کیا۔اس دوران پونچ ضلع عدالت میں نئے تعینات ہونے والے سیشن جج اشوک کمار اور معزز سی جے ایم ایس ایچ مدن لعل نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس موقع پر موجود وکلاء کو وعظ ونصیحت کی۔ سب جج سپلٹ سرفراز نواز ، سب جج اور سکریٹری ڈی ایل ایس اے سید وجاہت کاظمی اور ڈی ایم ایم (ٹی) شفیق احمد نے اس دوران وکلاء کو یقین دہانی کرائی کہ قانونی چارہ جوئی کے تدارک کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس دوران صدر بار ایسوسی ایشن پونچھ ایڈوکیٹ معروف خان استقابلیہ خطاب دیا اور تمام وکلاء کی جانب سے نئے ججوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے بار ایسوسی ایشن پونچھ سے متعلق اہم امور پر بھی روشنی ڈالی۔ اس اجلاس میں تمام وکلاء نے اپنے مسائل سے بھی جج صاحبان کو روشناس کیا۔اس میٹنگ میں ایڈوکیٹ محمد زمان، ایڈوکیٹ مہندر پیاسا، ایڈوکیٹ ستپال شرما ، ایڈوکیٹ سید تاج حسین شاہ ، ایڈوکیٹ گلشن کمار ، ایڈوکیٹ موہندر پیسا ، ایڈوکیٹ راجندر سنگھ اور دیگر میں شرکت کی۔ جنرل سکریٹری بار ایسوسی ایشن پونچھ بانو پرتاب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
رمضان کے شروع میں مہنگائی سے عوام بے حال
حسین محتشم
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں رمضان المبارک کے موقع پر مہنگائی میں اضافہ روزداروں کے لئے پریشان کن ہے۔ رمضان میں مہنگائی سے عوام بے حال ہیں،عام طور پر پھلوں اور سبزیوں کی تجارت کرنے کا یہ بہترین وقت ہوتا ہے لیکن خریدار اور بیچنے والے دونوں زیادہ قیمتوں کی شکایت کر رہے ہیں۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کورونا وائرس وبا ء کے باعث یومیہ مزدوری کرنے والے پریشان ہیں، ان کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے، وہ مہنگے پھل نہیں خرید سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیمتیں ہر عام انسان کے لئے سستی ہونی چاہئے اور اس کی قیمت اتنی ہونی چاہئے کہ سبھی لوگ رمضان کے مقدس مہینے میں پھل خرید سکیں۔سابق ہیڈ ماسٹر ذاکر حسین نے کہا کہ رمضان مہینے کے پیش نظر پھلوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہارمضان المبارک کے دوران مسلمان طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں اس لئے اکثر لوگ پھل اور سبزیاں ہی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا رمضان سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا تھا کہ جموں کشمیر میں جائز نرخوں پر اشیاء فراہم کی جائیں گی لیکن تیسری رمضان کو ہی نرخیں آسمان چھو رہی ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ اقدام اٹھائیں تاکہ رمضان، نوراتروں کے دوران لوگوں کو جائز نرخوں پر
اشائے ضروریہ خصوصی طور پر پھل اور سبزیاں فراہم ہو سکیں ۔