بانہال// جموں سرینگرشاہرا ہ منگل کو پسیاں گر آنے کے نتیجے میں 10گھنٹوں تک بند رہی۔تاہم بعد میں گاڑیوں کی آمد ورفت بحال کی گئی اور درماندہ گاڑیوں کو آگے کی طرف جانے دیا گیا۔آج بدھ کو شاہراہ کی مرمت کے پیش نظر ہر طرح کے ٹریفک پر پابندی ہوگی۔منگل کومعمول کے مسافر بردار ٹریفک کو جموں سے وادی کی طرف چلنے کی اجازت تھی لیکن شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے اس ٹریفک کو ادہمپور اور نگروٹہ کے مقام پر روک دیا گیا جبکہ پیر کی شام قاضی گنڈ سے جموں کی طرف چھوڑے گئے سینکڑوں ٹرک بھی رام بن اور رامسو کے درمیان درماندہ ہوکر رہ گئے تھے۔ ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کیفٹیریا موڑ رام بن کے مقام پر پیر کی شب بھاری پسی گر آئی تھی جس کے بعد اسے ہٹانے کا کام منگل کی صبح سے شروع کیا گیا اور 10گھنٹوں کے بعد دو بجے گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی۔اسکے ساتھ ہی درماندہ ٹرکوں کے علاؤہ نگروٹہ اور ادہمپور سے مسافر بردار گاڑیوں کو بھی سرینگر کی طرف چھوڑ دیا گیا۔ آج یعنی بدھ کیلئے شاہراہ کی ضروری مرمت کی وجہ سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔