گاندربل//گزشتہ سوموار کشمیر عظمی میں شائع خبر ’’مانسبل جھیل حکام کی عدم توجہی اور لاپرواہی کا شکار‘‘ کو ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے بڑے پیمانے پر جھیل مانسبل کی صفائی مہم شروع کی۔ محکمہ کے اعلیٰ حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ روزانہ جھیل مانسبل اور اس کے اردگردنواح کے علاقوں کی ترجیح بنیادوں پر صفائی کی جائیگی۔چاروں طرف خوبصورت پہاڑیوں کے دامن درجنوں پانی کے چشموں سے اخراج ہوتا پانی شہرہ آفاق جھیل مانسبل کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں تاہم پچھلے کچھ ماہ سے مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی عدم توجہی اور لاپرواہی سے اور قریب میں موجود علاقوں سے گندگی اور بیت الخلاوں کا فضلہ جھیل میں ڈالنے کی وجہ سے مانسبل جھیل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی تھی۔ اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کے سوموار 19 اپریل کے شمارے میں شائع ہوئی خبر اور کشمیر عظمیٰ کے آن لائن ایڈیشن میں خبر نشر ہونے کے سبب ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سنجیدگی سے جھیل کی صفائی مہم شدومد سے شروع کردی۔جھیل مانسبل اور اس کے اردگرد خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے محکمہ میں عارضی طور پر تعینات ملازمین اور دیگر عملہ نے جھیل سے پلاسٹک کی بوتلیں، لفافہ، اور گھاس نکالنے کا کام شروع کردیا ۔اس ضمن میں ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشتاق احمد راتھر نے بتایا کہ ہم نے اپنا پورا عملہ مانسبل کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے جھیل اور اس کے اردگرد صفائی مہم شروع کردی ہے اور یہ سلسلہ پابندی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی.جبکہ ہم نے تعمیر و ترقی کے لئے کئی منصوبوں کی رپورٹ مکمل کرلی ہے اگر رواں سال حالات ٹھیک رہے تو وہ بھی جلد شروع کردیئے جائیں گے ۔