ڈوڈہ سے کووڈ 19 کے 12 نئے مثبت کیس
۔5 مریض صحتیاب ،1 شخص کی موت
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے پیر کے روز کوؤڈ 19 کے 12 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 5 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور ایک 50 سالہ شخص کی موت ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں جاری کوؤڈ جانچ کے دوران پیر کو 12 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور اسطرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 285 پاکستان پہنچ گئی ہے اور صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 3529 ہو گئی ہے۔اس دوران گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں پریم نگر سے تعلق رکھنے والے پچاس سالہ شخص کی موت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پچھلے تین روز میں ضلع میں کوؤڈ 19 سے 3 اموات ہوئیں ہیں۔
امسال کشتواڑ میں کورونا سے پہلی موت
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں امسال کورنا وائرس سے پہلی موت واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ستر سال سے زائد عمر کی خاتون کی آج گھر میں موت واقع ہوئی۔ جہاں انکا ایک ہفتہ قبل کرونا مثبت آیا تھا جسکے بعد انکا علاج گھر میں ہی چل رہا تھا۔ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے کشمیر عظمی ٰکو بتایا کہ انھیں گھر میں ہی اکسیجن دی جارہی تھی جبکہ آج انکی صحت زیادہ خراب ہوئی جسکے انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا ضروری تھا تاہم ہسپتال میں ونٹی لیٹر نہ ہونے کے سبب انھیں جب تک کسی دوسرے ہسپتال منتقل کیا جاتا،اُس وقت تک انکی موت ہوگئی۔ آج بھی ضلع میں کرونا وائرس کے نو معاملے سامنے آئے جبکہ آئے روز انکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی،3ہزار کا جرمانہ وصول
رام بن ضلع میں مزید1848 ٹیکے لگائے گئے ، 1022 نمونے حاصل
رام بن //ضلع رام بن میں کوویڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے مہم کو جاری رکھے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا۔نفاذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں معائنہ کے دوران 3ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا اور یوں1 اپریل 2021 ء سے اب تک جرمانے کی صورت میں کل 5لاکھ25ہزار400روپے کی رقم وصول کی گئی۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی ٹیکہ کاری مرکز میں کوویڈ ویکسی نیشن ڈوز لیں۔ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ ضلع رام بن میں مزید 1848 افراد کو پہلا اور دوسرا کوویڈ ویکسین کا ٹیکہ لگایا گیا۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق ، محکمہ صحت نے ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 1848 افراد کو کوڈ ویکسین پلانے کے علاوہ 293 آر ٹی-پی سی آر اور 729 آر اے ٹی نمونے سمیت 1022 نمونے اکٹھے کیے ہیں۔
ڈوڈہ و کشتواڑ میں آکسیجن پلانٹس کو جلد چالوکیاجائے
جڑواں اضلاع میں آکسیجن کی کمی دور کرنا ناگزیر: شیخ ناصر حسین
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سٹیٹ سیکرٹری شیخ ناصر حسین ایڈوکیٹ نے کرونا وائرس وباکے پھیلنے کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک پریس بیان میں شیخ ناصر نے ضلع ا نتظامیہ کشتوار اور ڈوڈہ پرزور دیا ہے کہ اضلاع میں تعمیر ہو رہے آکسیجن پلانٹ کا کام جلد از جلد مکمل کر کے انہیں چالو کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جہاں جموں اور سرینگر میں بڑے بڑے ہسپتال لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں وہیں پہاڑی ضلع کشتواڑ اور ڈوڈہ جہاں پہلے ہی طبی سہولیات کا فقدان ہے آنے والے وقت میں کسی بڑی مصیبت کا شکار نہ ہو اس کے لئے اقدامات اٹھانے لازمی ہیں ان علاقوں میں آکسیجن کی کمی نہ ہو اس کے لیے آکسیجن پلانٹس کا جلد از جلد تیار ہونا ضروری ہے۔ شیخ ناصر نے سبھی لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے ماسک استعمال کریں سوشل ڈسٹنسنگ کا پالن کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ جائیں اپنے اور اپنے عیال کی حفاظت کے لیے محتاط رہیں۔
اے سی بی ٹیم نے ڈوڈہ میں چھاپہ مارا
پرنسپل کیندریہ ودھیالیہ ڈوڈہ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //انٹی کوروپیش بیورو نے کیندریہ ودھیالیہ جودھپور ڈوڈہ کے پرنسپل کو رشوت ستانی کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ے سی بی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق شکائت کنندہ کے مطابق کے وی اسکول کشتواڑ میں زیر تعلیم بچی کو بھدرواہ کے وی میں داخل کرنا تھا جس کے لئے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ کی ضرورت تھی۔انہوں نے پرنسپل کیندریہ ودیالیہ ڈوڈہ راجیو کمار مہاجن جو کہ کیندریہ ودیالیہ اسکول بھدرواہ کے انچارج پرنسپل بھی ہیں، کے خلاف اے سی بی میں ایک تحریری شکایت درج کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ پرنسپل نے چھوٹی بچی کے تبادلے سرٹیفکیٹ کے عوض 25 ہزار روپے بطور رشوت کی مانگ کی۔ شکائت کنندہ کے مطابق پرنسپل نے بچی کا ٹرانسفر سرٹیفکیٹ رشوت نہ ملنے پر التوا میں ڈال دیا۔بیٹی کے والد نے یہ رقم دینے سے انکار کیا اور آخر کار پندرہ ہزار پر پرنسپل متفق ہوا۔اور ڈاکخانہ ڈوڈہ کے لئے طلب کیا۔ شکائت کنندہ نے اے سی بی کے ساتھ رجوع کیا جس پر ادھمپور تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبری 01/2021،U/S 7Pc ایکٹ 1988 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی اور ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے چھاپہ مار کر پرنسپل کو رنگے ہاتھوں پندرہ ہزار روپے لیتے پکڑ کر حراست میں لے لیا۔ اے سی بی نے اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
لاک ڈائون سے غریب نڈھال
مزدوری بھی نہیں ملتی ، فاقہ کشی کا ہے خدشہ
زاہد بشیر
گول// کورونا کرفیو میں روز بروز اضافے کے پیش نظر جہاں سب ڈویژں گول میں ہر جمعہ شام سے سوموار تک کورونا کرفیو کا نفاذ ہے وہیں جموں مسلسل بند کی وجہ سے بھی لوگ کافی پریشان ہیں ۔جموں سے گول یا دوسری جگہ کسی بھی گاڑی کوآنے جانے کی اجازت نہیں ہے جس وجہ سے مسافر لوگ کافی دقتوں کاسامنا کر رہے ہیں ۔وہیں گھروں میں محصور غریب طبقہ سب سے زیادہ شکار ہورہا ہے ۔ غریب لوگ مزدوروں کرنے سے بھی قاصر ہیں کیونکہ علاقے میں تمام کار و باری اداروں کے ساتھ ساتھ تعمیرات پر بھی بریک لگی ہوئی ہے ۔غریب طبقہ روز روز لاک ڈاون سے کافی پریشان ہے جو کچھ تھوڑا بہت کمایا تھا وہ گزشتہ کورونا کرفیو کے دوران ختم ہوا اور اب پھر سے لاک ڈاون ہے ۔ وہیں عیدکی آمد آمد پر بھی لوگ کافی مایوس ہیں ایسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں کہ آنے والی عید عوام کے لئے بالخصوص غریب عوام کے لئے کسی پریشانی سے کم نہیں ہے کیونکہ جیب جب خالی ہے تو عید کہاں کی ہے ۔ لوگ فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ غریب عوام نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ غذائی اجناس مفت دیا جائے تاکہ کچھ مداوا ہو سکے ۔
کورونا کرفیو ختم ہو تے ہی بازاروں میں بھاری رش
لوگ ہر سو امڈ آئے ، سماجی دوری و ماسک بھی غائب
عاصف بٹ
کشتواڑ//سوموار کی صبح سات بجے کرونا کرفیو ختم ہوتے ہی بازاروں میں لوگوں کا اژدھام دیکھا گیا جبکہ سماجی دوری و ماسک بھی متعددمقامات پر غائب ہی ملے۔ اگرچہ ضلع ترقیاتی کمشنر و ایس ایس پی کشتواڑ نے از خود بازار کا معائنہ کیا لیکن باوجود اسکے بازاروں میں بھاری بھیڑ دیکھی گئی۔ سماجی کارکنان نے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیونکر انتظامیہ غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور کورونا کے معاملات کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر کورونا کے مثبت معاملات پر قابو نہ پایا گیا تو نتایج برے ہوسکتے ہیں جبکہ ایس او پی کو فالو کرنے کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ اگرچہ چند مقامات پر پولیس کے اہلکار بغیر ماسک کے لوگوں کو چالان کرتے ہیں لیکن زیادہ تر بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا ہے اور لوگ کھلے عام ایس اوپی زکا مذاق اڑاتے ہیں۔انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایس او پی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس وبائی بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
ہائی سیکورٹی کوٹ بلوال جیل میں چھاپہ
موبائل فون اور سم کارڈز ، چارجر اور ہیڈ فون برآمد
جموں//کوٹ بھلوال سنٹرل جیل میں اچانک چھاپے میں جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ نے موبائل فون اور سم کارڈزبرآمد کرلئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے کوٹ بھلوال جیل پر چھاپہ مارا اور موبائل فون اور سم کارڈز ، چارجر اور ہیڈ فون برآمد کرلئے۔ یہ چھاپہ جموں پولیس نے گاندھی نگر فائرنگ کیس میں جیل کے عملے کو گرفتار کرنے کے بعد کیا جس میں رائل سنگھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ، امن دیپ قتل کیس کا مجرم ، رائل سنگھ ، جیل عملہ کے ساتھ بھی گٹھ جوڑ چلارہا تھا۔ پولیس نے گرفتار جیل عملے کے کلدیپ کمار سے پوچھ گچھ کے دوران اہم سراغ حاصل کیاتھا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ وہ انکار نہیں کرسکتے۔ جنگجوئوں سمیت جیل کے دیگر قیدیوں کو موبائل فون کی سہولیات فراہم کرنے میں جیل کے دیگر عملے کے ممبروں کی شمولیت کوخارج نہیں کیاجاسکتا ہے۔ خیال رہے جنوری 2019 میں ، اسی طرح کے چھاپے میں ، پولیس نے بڑی تعداد میں موبائل فون اور سم کارڈ برآمد kuy تھے۔ پولیس نے اس معاملے کی مزید تفتیش کیلئے ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہائی سیکورٹی جیل ، جہاں اقوام متحدہ کے نامزد جنگجو مسعود اظہر کو ایک بار حراست میں لیا گیا تھا ، اس میں پاکستانی اور مقامی جنگجوئوں سمیت 500 سے زائد قیدی بھی موجود ہیں۔
انسانی بنیادوں پر مغل شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھو لنے کا مطالبہ
جموں//سائی ناتھ یونیورسٹی کے سابقہ وائس چانسلر اور جموں وکشمیر بارڈر ایریاڈولپمنٹ کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد ملک نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ کو ٹریفک آمدورفت کے لئے کھولاجائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مغل شاہراہ سے مکمل طور برف ہٹا دی گئی ہے لیکن اِس پر آمدورفت کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ انہوں نے کہاکہ راجوری اور پونچھ اضلاع سے کثیر تعداد میں مریض ہیں جوکہ سکمز صورہ اور وادی کشمیر کے دیگر اسپتالوں سے اپنا علاج کروارہے ہیں، جنہیں معمول کی چیکنگ اور ادویات لینے کے لئے 500کلومیٹر کی طویل مسافت طے کر کے براستہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کشمیر جانا پڑتاہے، اس کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں خطہ پیر پنچال کے طلبا کشمیر کے مختلف اداروں، یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں، ہزاروں ملازمین وہاں کام کر رہے ہیں۔ سب پریشان ِ حال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کو براہ راست وادی کشمیر سے جوڑنے والی یہ تاریخی مغل شاہراہ کی محض84کلومیٹر مسافت ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ انتظامیہ اس کو آمدورفت کے قابل بنانے کی بجائے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اِس کو بند رکھا ہے، جوکہ سراسر نا انصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کی کہ فوری طور مغل شاہراہ کو آمدورفت کے لئے بحال کیاجائے۔
اپنی پارٹی وفد کی رام گڑھ میں آ تشزدگان سے ملاقات
متاثرہ کنبوں کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرے:منجیت سنگھ
جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے پیر کے روز ضلع سانبہ کے کرلیاں رام گڑھ کا دورہ کر کے وہاں گوجر طبقہ کے آگ متاثرہ کنبوں سے ملاقات کی جہاں پر بھیانک آگ کی وجہ سے 14جھگی جھونپڑیاں معہ مال واسباب جل کر راکھ ہوگئی تھیں۔ منجیت سنگھ کے علاوہ اپنی پارٹی گوجر لیڈر سلیم عالم بھی اُن کے ہمراہ تھے جنہوں نے موقع پر جاکر صورتحال کا جائزہ لیا۔ دونوں لیڈران نے ریلیف پیکیج جس میں برتن اور راشن شامل تھا، آگ متاثرین کو فراہم کئے۔ کنبوں نے لیڈران کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں اپنے مسائل بارے جانکاری دی۔ اپنی پارٹی صوبائی صدر نے انتظامیہ سے گذارش کی ہے فوری ٹیموں کو جائے واردات پر بھیج کر نقصانات کا تخمینہ لگایاجائے اورمتاثرین کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف واگذار کریں۔اپنی پارٹی گوجرلیڈرسلیم عالم نے حکومت سے گذارش کی کہ کرلیاں کے آگ متاثرہ کنبوں کی مشکلات کو فوری حل کیاجائے۔ انہوں نے مانگ کی کہ انتظامیہ اِن کنبوں کے لئے موجودہ کویڈ بحران کو مد، نظر رکھتے ہوئے عارضی رہائش کا انتظام کرے ۔
ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے سینئر ممبروں کا اِنتقال
تعزیت کیلئے فل کورٹ ریفرنس کا اِنعقاد
جموں//جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے دو سینئر ممبروں ریشپال سنگھ جموال اور نریندر پرکاش کوتوال وکیلوں کے اِنتقال پر اِظہار تعزیت کرنے کے لئے ایک آن لائن فل کورٹ ریفرنس کا اِنعقاد کیا گیا۔چیف جسٹس اور ہائی کورٹ کے جموں وِنگ کے جج صاحبان ، جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے پریسیڈیم کے چیئرمین ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ، جموں میںایڈیشنل سالیسیٹرآف اِنڈیا جنرل سریندر سنگھ ، بار کے ممبران ، ہائی کورٹ رجسٹری اَفسران، جوڈیشل اَفسران اور سوگوار کنبوں کے ممبران فل کورٹ ریفرنس میں شامل ہوئے۔چیف جسٹس نے اَپنے ریفرنس خطبے میں ریشپال سنگھ جموال اور نریندر پرکاش کوتوال کے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے بارے میں ان کے عزم کے بارے میںبتایا۔ اُنہوں نے بار ممبروں اور قانون کے پیشے سے وابستہ تمام افراد سے ان دونوں کی طرف سے موصولہ وسیع احترام اور پیار کو یاد کیا۔ انہوں نے بار کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے لئے ان کی عقیدت ، جوش و جذبے پر بھی روشنی ڈالی۔ایڈووکیٹ جنرل اور چیئرمین ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نے بار کے رخصت ہونے والے ممبروں کی زندگی کے سفر اور ان کے کارناموں کے بارے میںبتایا اور پیشہ ورانہ وابستگی میں ان کی عمدہ کارکردگی اور پیشہ کی وجہ سے ان کی شراکت کو یاد کیا۔ اُنہوں نے مرحومین کے کی ارواح کے اَبدی سکون اور سوگوار کنبوں سے اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے دعا کی۔فل کورٹ ریفرنس میں شرکأ نے کھڑے ہو کر مرحومین کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اِختیار کی اور عدالتی کام باقی دِن معطل رہا۔