سرینگر //ڈیویژنل کمشنر کشمیر کے دفتر میں قائم کوویڈ کنٹرول روم نے تمام اضلاع کے چیف میڈیکل افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری ٹیسٹنگ خاصکر غیر ضروری آرٹی پی سی آر ٹیسٹوں سے بچنے کیلئے آئی سی ایم آر کی جانب سے جاری کئے گئے قوائد و ضوابط پر عمل کریں۔ کنٹرول روم کے انچارج طاہر احمد ماگرے نے اپنے ایک حکم نامہ زیر نمبر Covid-19/ kmr/ 2021-22/5446-82بتاریخ 10مئی میں لکھا ہے کہ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں زیادہ ٹیسٹنگ کی وجہ سے کافی دباﺅ بڑا ہے اور اس کے علاوہ یہ بھی دیکھنے کو ملا ہے کہ ریپڈ ٹیسٹ میں مثبت آنے والے متاثرین دوبارہ آر ٹی پی سی آر کراتے ہیں جسکی وجہ سے لیبارٹریوں پر کافی دباﺅ پڑتا ہے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس صورتحال میں یہ لازمی بنتا ہے کہ ہم آئی سی ایم آر کے قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری ٹیسٹنگ سے بچیں کیونکہ اس سے نہ صرف وسائل محفوظ رہیں گے بلکہ غیر ضروری ٹیسٹنگ میں بھی کمی آئے گی ۔ حکم نامہ میں چیف میڈیکل آفیسران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریپڈ یا آر پی ٹی سی آر سے مثبت آنے والے افراد کا دوبارہ آر ٹی پی سی آر نہیں ہوگا، صحتیاب ہونے والے مریضوں کا اسپتال سے رخصتی کے وقت نہ تو آر ٹی پی سی آر اور نہ ریپڈ ٹیسٹ ہونا چاہئے اور آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ صحتیاب یا غیر علامتی مریضوں کیلئے نہیں ہونا چاہئے۔