نئی دہلی //ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی بیوی انوشکا شرما نے جس فنڈ ریزنگ مہم ‘ ان دز ٹوگیدر’ کی شروعات کی تھی ، انہوں نے اس کے ذریعہ پانچ کروڑ روپئے کی رقم جمع کرلی ہے ۔ سات مئی سے اب تک پانچ دن میں اس مہم کے ذریعہ 5.22 کروڑ مل چکے ہیں۔ اس مہم کو پورا کرنے کے لئے اگلے دو روز میں 1.78 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ وراٹ اور انوشکا دونوں نے خود اس میں دو کروڑ روپئے عطیہ کئے تھے ۔ جمع رقم کو اے سی ٹی گرانس کو سونپا جائے گا۔ اس کے بعد اس رقم کو ضرورت مند افراد کو آکسیجن، میڈیکل ایکوپمنٹ اور مین پاور اور ویکسین فیسیلٹی پہنچانے کے لئے کیا جائے گا۔ وراٹ اور انوشکا کے علاوہ شیام اسٹیل نے بھی اس مہم میں دس لاکھ روپئے کا عطیہ کیا ہے ۔ اس مہم کو لانچ کرتے وقت وراٹ نے کہا تھا کہ ہمارا ملک فی الحال مشکل دور سے گزر رہا ہے ۔ ہمیں اس میں ایک ساتھ جمع ہونے اور آس پاس کے لوگوں کی جان بچانے کی ضرورت ہے ۔ اس ملک کو ہم سبھی کی ضرورت ہے ۔ وراٹ جون میں ٹیم انڈیا کے ساتھ انگلینڈ دورے پر روانہ ہوں گے ۔ وہیں انوشکا کا کہنا تھا کہ اس فنڈ سے کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کو ضرورت مدد ملے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ہندوستان کی مدد کے لئے پچاس ہزار ڈالر یعنی تقریباً 37 لاکھ روپئے کا عطیہ کیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں۔ ہم ہندوستان کے حالات سے کافی فکرمند ہیں۔ ہم ہر قدم پر اپنے دوست کے ساتھ ہیں۔یواین آئی