گاندربل//استاد سے صحت کارکن بنی ببلی رانی نے آج تک 2000 نمونے حاصل کرکے ان کا RAT اور RT.PCRٹیسٹ کیا ہے۔ببلی رانی گورنمنٹ بائزہائی اسکول ربہ تار گاندربل میں ہیڈ مسٹرس کے طورتعینات ہیں۔اسکی زندگی نے اُس وقت کروٹ لی جب وہ کووِڈ مثبت پائی گئیں اور انہیں قرنطین میں رکھاگیا۔ اس دوران ببلی رانی کے دل میں انسانیت کی خدمت کرنے کا جذبہ موجزن ہوا اور اُس نے صحت کارکنوں کے شانہ بشانہ کام شروع کیااور محکمہ تعلیم نے بھی اُسے کووِڈ ڈیوٹی پر سرویلانس ٹیم کے ہمراہ بھیج دیا۔اُس دن سے ببلی کی معمولات زندگی میں تبدیلی آئی اور وہ جیسے استاد نہیں بلکہ صحت کارکن ہے۔اُس نے صحت اہلکاروں سے کووِڈنمونے حاصل کرنے اور ان کی جانچ کرنے کی تربیت حاصل کی اور اس کام کو شروع کیا۔اگرچہ پہلے پہل وہ صرف سرویلنس کاکام کرتی تھیں لیکن جلد ہی اُس نے نمونوں کوجمع کرنے اوران کی جانچ کا کام سیکھ لیااور اس میں مہارت حاصل کی۔ببلی رانی نے اب تک 2000سے زیادہ نمونے حاصل کرکے ان کا RATاورRT.PCRٹیسٹ کیا۔ببلی رانی، جوراجوری سے تعلق رکھتی ہیں ،کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہورہی ہیں اور لوگوں کی خدمت کرنے کا جذبہ اُسے اس کام کیلئے مجبور کررہا ہے۔اُس کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ سرمائی چھٹیوں کے دوران ایک بارگھر گئی ۔اُ س کا مزیدکہنا ہے کہ یہ سچ ہے کہ بارسوخ افراد اورمتعددرضاکارتنظیموں کی حکومت کووِڈ جانبازوں کے طور حوصلہ افزائی کررہی ہیں،لیکن وہ کسی انعام یا اعزاز حاصل ہونے کی غرض سے یہ کام انجام نہیں دے رہی ہے بلکہ وہ صرف انسانیت کی خدمت اور اپنے روحانی سکون کیلئے یہ کام انجام دیتی ہے ۔ببلی رانی نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری ایڈوایزریوں پر عمل کرکے خود کواس مہلک بیماری سے بچائیں۔