کنگن+بانڈی پورہ//نالہ سندھ سے غیر قانوی طور باجری نکالنے پر محکمہ فلڈ کنٹرول نے نیلہ گراٹھ کوکری کدل کے مقام پر نالہ سندھ سے ایک کمپنی کے چار ڈمپر اور ایک ایل اینڈ ٹی (جے سی بی)کو ضبط کرکے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ فلڈ کنٹرول کے ایک ملازم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ زوجیلا ٹنل تعمیر کرنے والی ایک کمپنی نیلہ گراٹھ کوکری کدل سونہ مرگ میں رات کے دوران نالہ سندھ سے غیر قانونی طور پر باجری نکالنے میں مصروف ہے جس کے بعد فلڈ کنٹرول کی ٹیم نے اچانک چھاپہ مارا۔چھاپہ مار کارروائی کے دوران چار ڈمپر اور ایک ایل اینڈ ٹی (جے سی بی)کو ضبط کرکے سونہ مرگ تھانہ پہنچایا جہاں ان کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 4/2021زیر دفعہ 68 ای واٹر ریسورس منیجمنٹ ایکٹ 2010کے تحت کیس درج کرلیا۔ اس کارروائی میں پانچ ڈرائیوربھی گرفتارکئے گئے۔ادھربانڈی پورہ پولیس اورجیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی اپنی کارروائیاں جاری ررکھتے ہوئے 4گاڑیاں ضبط کیں اور 4افراد کو حراست میں لے لیا۔بانڈی پورہ پولیس نے ایک مخصوص اطلاع موصول ہونے پر لنکریشی پورہ نالہ سے غیر قانونی طورمعدنیات نکال رہے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد اور ڈی وائی ایس پی کی سربراہی میں پولیس نے جیالوجی اینڈ مائننگ ٹیم کے ہمراہ 4ٹپرضبط کئے اور چار افراد 4افراد کو حراست میں لے لیا۔اس سلسلے میں پولیس پوسٹ بانڈی پورہ میںایف آئی آر نمبر 74/2021کے تحت کیس درج کیا گیا۔بانڈی پورہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی نالہ سے ریت اور دیگر معدنیات کے غیر قانونی کام میں ملوث نہ ہوجائیں ۔