بیجنگ// چین نے مشرق وسطی کے تناؤ میں امریکا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے فلسطین سے متعلق اجلاس کو ویٹو کر کے سلامتی کونسل کو مفلوج کردیا۔چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل سے فلسطین کے ساتھ مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر امریکا کا کردار مایوس کن ہے۔ امریکا نے اس اہم مسئلے پر بلائے گئے اجلاس کو ویٹو کرکے سلامتی کونسل کو مفلوج کردیا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڑاؤ لیجیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں صارفین سے سوال کیا کہ جب فلسطینی عوام تکلیف میں مبتلا ہیں تو انسانی حقوق کے علمبردار امریکا اس اقدام پر حق بجانب ہے یا یہ امریکی مفادات کے لیے اسرائیل کو اپنی خدمات پیش کرنے کا ایک بہانہ ہے؟ اور کیا یہی بات امریکا اصول پر مبنی بین الاقوامی آرڈر کہتا ہے؟قبل ازیں پیر کے روز پریس کانفرنس میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڑاو لیجیان نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے امریکا سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے اور اس اہم ذمہ داری کو پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔