بانڈی پورہ//شدید برف باری کی وجہ سے سردیوں کے دوران بند رہنے والے بانڈی پورہ،گریز روڈ کو بدھ کو باضابطہ طور پر دوطرفہ ٹریفک کے لئے کھولا گیا۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب 11500 فٹ بلندی پر واقع’ رازدان پاس‘ پر منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے پرچم دکھا کر گاڑیوں کو روانہ کردیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) کی انتھک محنت سے سڑک کو کھولنے کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ موسم کی خراب صورتحال کے درمیان سڑک کھولناآسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی آر او کی محنت ہے جس نے وسط دسمبر تک سڑک کو کھلا رکھنے اور پھر برفباری کے بعد ریکارڈ وقت میں یک طرفہ ٹریفک کے لئے کھولنے میں مدد کی۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ بی آر او اور سیول انتظامیہ کے مابین موسم کی خراب صورتحال کے دوران ایک مثالی رابطہ رہا جس نے ریکارڈ وقت میں سڑک کو کھولنے میں مدد کی۔