بانڈی پورہ//صوبائی کمشنر پی کے پولے،نے بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع میں کووِڈ – 19کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کے اقدامات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِن اضلاع میں کورونا مریضوں کے بہتر علاج کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہیں۔ضلع کے سوبستروں والے نئے اسپتال کا دورہ کرنے کے دوران انہوں نے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ضلع اسپتال کے دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ میں کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے طبی عملہ دن رات کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا ضلع میں احسن طریقے سے کورونا مریضوں کا علاج معالجہ ہورہا ہے اور ٹیسٹنگ اور ٹیکہ کاری کا کام بھی شدومد سے جاری ہے۔میٹنگ کے دوران ضلع کمشنرڈاکٹر اویس احمد نے صوبائی کمشنر کو ضلع میں کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کی جانکاری دی ۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں 370مشترکہ ٹیموں کو تشکیل دیاگیا ہے جو دیہات اور قصبوں میں مشترکہ طور ٹیسٹنگ اور ٹیکہ کاری کا کام انجام دیں گی۔ادھرصوبائی کمشنر نے گاندربل میں ضلع اسپتال،ضلع کووِڈ کنٹرول روم ایڈمنسٹریٹوکارنٹین مرکزکا معائنہ کیا۔اس موقعہ پرضلع کمشنر کرتیکاجیوتسنا ،ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔صوبائی کمشنر نے ضلع میں کوروناکی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پرانتظامیہ کے افسروں نے انہیں ضلع میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے کئے گئے انتظامات سے باخبر کیا۔ضلع اسپتال گاندربل میں صوبائی کمشنرنے ایکس رے،الٹراسائونڈ روم،آکسیجن پلانٹ اور ہنگامی وارڈ کا معائنہ کیااور مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے انہیں مہیا سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔چیف میڈیکل افسر گاندربل نے انہیںبتایا کہ اسپتال میں کووِڈ مریضوں کیلئے142اکسیجن سہولیات سے لیس بسترموجود ہیں اور اس وقت اسپتال میں 33کورونا مریض زیرعلاج ہیں ۔ صوبائی کمشنر نے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ پرزوردیاکہ وہ ڈاکٹروں کا مناسب روسٹر تیار کریں اور روزانہ کووِڈ وارڈوں کا معائنہ کرتے رہیں ،تاکہ مریضوں کو مناسب سہولیات مہیا ہو۔