سرینگر//سینئرٹریڈیونین لیڈر اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے صدراعجاز احمدخان نے کورونا صورتحال دوران فرائض انجام دینے والے سرکاری ملازمین کوکوروناجانبازوں کے زمرے میں لانے کی مانگ کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ سی اے پی ڈی سمیت مختلف محکموں کے ملازمین کے کام میں رکائوٹ پیدانہ کریں ۔اعجاز خان نے ساتھ ہی آئی جی پی کشمیر سے اپیل کی کہ تمام سرکاری ملازمین بشمول محکمہ فوڈ کے فیلڈملازمین کے شناختی کارڈووںکوہی کرفیو پاس تسلیم کیا جائے ،تاکہ اُنہیں جائے ڈیوٹی تک پہنچنے اورپھروہاں سے گھرواپس جانے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔جے کے این ایس کے مطابق ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے صدراعجاز احمدخان نے ایک بیان میں کہا محکمہ صحت کی طرح ہی دیگرسرکاری محکموںبشمول محکمہ سی اے پی ڈی ،محکمہ بجلی ،محکمہ جل شکتی اورمحکمہ زراعت کے ملازمین بھی موجودہ سنگین صورتحال میں اپنے فرائض انجام دیکر سرکارکاہاتھ بٹارہے ہیں اورعوام کوبھی راحت پہنچارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی صورتحال پرقابو پانے کیلئے تمام سرکاری ملازمین کسی نہ کسی انداز میں ہراول دستے کارول نبھانے میں مصروف ہیں اور ان کی فرض شناسی اورخدمات کی انجام دہی میں کوئی تفریق نہ کی جائے ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ ہم ا س بات کومانتے ہیں کہ شعبہ صحت سے وابستہ سرکاری اہلکاروںکارول انتہائی اہم اورنازک ہے اورہم یہ بھی مانتے ہیں کہ صحت ورکروں کی خدمات گراں قدر اورقابل ستائش ہیں ،لیکن ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ باقی سرکاری محکمے جن کا عوام سے براہ راست رابطہ رہتا ہے ،سے وابستہ ملازمین بھی موجودہ مشکل ترین صورتحال میں قابل سراہنا خدمات انجام دینے کیساتھ ساتھ فرض شناسی کاعملی ثبوت فراہم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سرکاری ملازمین نے ماضی میں مشکل ترین حالات میں فرائض انجام دینے کیساتھ ساتھ عوام کوراحت پہنچائی ہے اورانتظامیہ کاسرفخر سے بلندکیا ہے ،اسلئے ہماری اپیل ہے کہ سبھی سرکاری ملازمین جو فیلڈمیں خدمات انجام دیتے ہیں ،کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔