راجوری //کووڈ ویکسین کی پہلی خوراکیں ختم ہونے کے بعد راجوری انتظامیہ نے مزید چھ ہزار خوراکیں وصول کر لی ہیں ۔اس سے قبل منگل شام کو ہی دستیاب شدہ ویکسین ختم ہو گئی تھی اور ضلع کے ویکسین سنٹر خالی ہو گئے تھے تاہم جمعرات کو ہی انتظامیہ نے مزید ویکسین دستیاب کرکے ضلع کے سبھی سنٹروں میں بھیج دی ہیں تاکہ مریضوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے بتایا کہ ضلع میں مزید کووڈ ویکسین دستیاب کر لی گئی ہے جبکہ اب ویکسین لگانے کیلئے مہم کو مزید تیز کر دیا جائے گا ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ ابھی تک 45برس سے زائد عمر کے 52فیصد افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے جبکہ ضلع انتظامیہ جلد ہی سو فیصد افراد کو ویکسین فراہم کرنے کیلئے کمر بستہ ہے ۔ڈی سی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفیسر موصوف نے کہاکہ اب ضلع میں مثبت معاملات کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے ۔