راجوری //محکمہ آب رسانی میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین گزشتہ 19ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں تاہم اس کے باوجود بھی مذکورہ ملازمین کووڈ کے دور میں پانی سپلائی کو بحال رکھنے میں اہم رول ادا کر رہے ہیں ۔عارضی ملازمین نے بتایا کہ ان کو دسمبر 2019کے بعد تنخواہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ان کو اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سرحدی ضلع راجوری کی مختلف واٹر سپلائی سکیموں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین نے بتایا کہ ضلع میں اس وقت 8سو سے زائد عارضی ملازمین اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کووڈ کے اس مشکل وقت میں وہ عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں اس وقت محکمہ آب رسانی کے کام کاج میں 80فیصد سے زائد حصہ داری ڈیلی ویجروں کی ہے جبکہ محکمہ میں مستقل ملازمین کی قلت کے دوران عارضی ملازمین محکمہ کے کام کاج کو سنبھالنے کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔اس وقت محکمہ میں کئی ایک ایسے ملازمین بھی تعینات ہیں جو گزشتہ 25برسوں سے عارضی بنیادوں پر واٹر سپلائی سکیموں پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔عارضی ملازمین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تنخواہ جلدازجلد وگزار کی جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔