سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے بنائی گئی کوویڈ کنٹرول کمیٹی نے دوسری لہر میں کمی کے بعد چھوٹے دکانداروں ، ریڈی والوں، سبزی فروشوں اور دیگر کام کرنے والوںکو کوویڈ قوائد و ضوابط پر عمل آواری کی یقین دہانی کے بعد جزوی طور پردکانیں کھولنے کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے اور کمیٹی نے اپنے آرا پر مبنی رپورٹ 3روز قبل جموں کشمیر انتظامیہ کو بھیج دی ہے۔10ممبران پرمشتمل کوویڈ کنٹرول کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ایم ایس کھورو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’پہلی لہر کے دوران کورونا وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والی افراد کی تعداد 1700تک پہنچ گئی تھی اور مرنے والوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد صرف 20تھی‘‘۔ڈاکٹر کھورو نے بتایا کہ دوسری لہر میں روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد5500تک پہنچ گئی تھی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 72 ہوگئی تھی۔لیکن پچھلے چند دنوں سے مثبت کیسوں کی شرح 16فیصد سے کم ہوکر صرف 8فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ فیصلہ سرکار کو کرنا ہے کہ وہ لاک ڈائون میں نرمی کرنا چاہتی ہے یا نہیں۔ ڈاکٹر کھورو کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون سے غریب لوگوں کو زبردست مالی مشکلات کا سامنا ہے ، اسلئے سرکار کو چھوٹے دکانداروں اور ریڈی والوں کو روز مرہ کا کام شروع کرنے کی اجازت دینی چاہئے کیونکہ تیسری لہر سے قبل روزانہ مثبت آنے والے کیسوں میں کمی کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر کھورو نے خبر دار کرتے ہوئے بتایا ’’یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اگر جلد معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے تو وائرس پھر سے حملہ کرسکتا ہے اور کیسوں میں پھر سے اضافہ ہوگا ، اسلئے یہ فیصلہ سرکار کو سوچ سمجھ کرلینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائو ن سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسلئے 24اپریل کو لاک ڈائون سے قبل ہم نے اپنی رپورٹ میں سرکار کو مشورہ دیا تھا کہ لاک ڈائون کی صورت میں غریب لوگوں کو مالی مدد فراہم کریںلیکن اس پر عمل نہیںکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار پھر سے لاک ڈائون جاری رکھنے کا فیصلہ لیتی ہے تو سرکار کو غریب لوگوں کو مالی امداد فراہم کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سرکار لاک ڈائون جاری رکھنے کا فیصلہ لیتی ہے تو لوگوں کو بھی ایک دوسرے کی مدد کیلئے تیار رہنا چاہئے۔10ممبران پر مشتمل کویڈ کنٹرول کمیٹی میں ڈاکٹر ایم ایس کھورو کے علاوہ ڈائریکٹر سکمز ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر، ڈائریکٹر اینڈ سی ای او ایمز جموں، ڈائریکٹر جے کے ایم ایس ایل یاسین چودھری،ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن،جی ایم سی سرینگر میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان، سی ڈی اسپتال جموں میں شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر راہل گپتا، جی ایم سی سرینگر میں شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر مظفر جان اور دیگر ماہرین شامل ہیں۔