کنگن علاقے میں دوشیزہ اور خاتون کے انتہائی اقدام
کنگن//غلام نبی رینہ//وسطی ضلع گاندر بل کے گنہ ون کنگن میں سنیچر کو ایک خاتون نے نالہ سندھ میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔ گنہ ون کنگن میں ایک 40 سالہ خاتون (نام مخفی)نے 28اور 29مئی کی درمیانی شب نامعلوم وجوہات کی بنا پر نالہ سندھ میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔پولیس اور مقامی لوگوں نے مذکورہ خاتون کی لاش کو نالہ سندھ سے برآمد کرلیا ۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ میر عبدالرشید نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن میں لاش کوقانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد اسے ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔ادھر وانگت کنگن میں ایک دوشیزہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہر کھاکر زندگی کا خاتمہ کیا۔16سالہ یتیم دوشیزہ(نام مخفی رکھا گیا ہے) نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کوئی زہریلی شے نوش کی جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی ۔افراد خانہ نے اس کو علاج کی غرض سے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن پہچایالیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھی ۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔جب دوشیزہ کی لاش آبائی علاقے پہچائی گئی تو وہا ںکہرام مچ گیا۔
کپوارہ میں سڑک حادثہ نوجوان لقمہ ٔاجل
کپوارہ//اشرف چراغ //شمالی ضلع کپوارہ میں جمعہ شام دیر گئے سڑک کے ایک حادثے میں ایک نوجوان لقمہ ٔاجل بن گیا۔26سالہ نوجوان محمدامین ڈارساکنہ میرمحلہ بمہامہ گھرکے نزدیک چل رہاتھاکہ اس دوران سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی زیر نمبر JK09B-4354نے اسے ٹکر ماردی۔خون میں لت پت محمد امین کو سب ضلع اسپتال کپوارہ پہنچایاگیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے نازک حالت دیکھتے ہوئے سرینگرمنتقل کیا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے گاڑی ضبط کرکے ڈرائیور کوحراست میں لیکرکیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔
رشوت لینے کا شاخسانہ
بھاجپا ضلع جنرل سیکریٹری اننت ناگ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج
عارف بلوچ
اننت ناگ //بھارتیہ جنتا پارٹی نے ضلع اننت ناگ کے پارٹی جنرل سیکریٹری و سرپنچ نثار احمد خان کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کر دیا ہے۔پارٹی کے یو ٹی نائب صدر صوفی یوسف نے اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پارٹی کا منشور جموں و کشمیر کو رشوت ستانی سے صاف و پاک بنانا ہے اور اس کے لیے کسی بھی لیڈر کی جانب سے کسی بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔واضح رہے نثار خان کو پولیس نے دو نوجوانوں کی پولیس حراست سے رہائی کے بدلے ایک لاکھ 10ہزار روپے وصولنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ حالانکہ دونوں نوجوانوں کو پولیس نے ایک معاملے میں تحقیقات کے بعد رہا کر دیا تھا ۔
تنخواہوں میں 17فیصد اضافہ کی منظوری
این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن کا لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ
سرینگر //نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن نے تنخواہوں میں 17فیصد اضافہ کو منظوری دینے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی کے صدر منیر اندرابی نے فائنانشل کمشنر اتل ڈلو، ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن محمد یاسین چودھری، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم محمد رفیق اور ڈائریکٹر پلاننگ نیشنل ہیلتھ مشن کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران نے تنخواہوں میں اضافہ کو منظوری دلانے کیلئے دلی میں خود کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے وہ equal pay for equal workکی جانب ایک قدم بڑے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ماضی میں نیشنل ہیلتھ ایمپلائز کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کو ٹھیک کیا جائے گا ۔ ایسوسی ایشن نے اُمید ظاہر کی کہ سرکارمستقلی اور سوشل سیکورٹی اقدامات مثلاًای پی ایف وغیر جیسے مسائل حل کرنے میں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سرکار ان ملازموں کیلئے بھی مالی معاونت کا اعلان کرے گی جو جو دوران ڈیوٹی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی سال 2020-2021کے تمام رقومات واگذار کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن انتظامیہ کو اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ وہ عالمی وباء سے لڑنے میں اپنا رول ادا کرے گی ۔
ڈاکٹر مہتا کی بطور چیف سیکریٹری تقرری خوش آئند:ایف سی آئی کے
سرینگر// فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز کشمیر نے ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری کے عہدے پر تقرری کا خیرمقدم کیا۔ ایف سی آئی کے صدر شاہدکاملی نے ان کی تقرری کو صحیح وقت پر صحیح ملازمت کے لئے صحیح آدمی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معاشی پریشانیوں سے نمٹنے میں یقینی طور پر مدد کریں۔ کاملی نے کہا کہ فائنانشل کمشنر کی حیثیت سے ان کی خدمات کے لئے وہ ہمیشہ مشکور رہیں گے۔انہوں نے کہا’’وہ وقتا فوقتا صنعت اور تجارت میں بے حد مددگار رہے ہیں۔ انہوں نے جے کے بینک کو مناسب سرمایہ فراہم کیا جس سے کشمیر میں کاروبار کو براہ راست یا بالواسطہ زبردست مدد ملی ہے‘‘۔کاملی نے کہا کہ انڈسٹری کو ان کی مسلسل حمایت پر بہت امید ہے اور ایف سی آئی کے نے جموں و کشمیر کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اہم عہدے کے لئے ان کی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ایف سی آئی کے سکریٹری جنرل اویس قادر جامی نے کہا ’’ ہم ڈاکٹر مہتا کو ایک ایسے شخص کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں جو صنعتی شعبے کو نئی شکل دے سکے اور جموں و کشمیر کی مشکلات سے دوچار معیشت کا پتہ لگائیں گے۔ ڈاکٹر مہتا سے ہماری توقع بہت زیادہ ہے کیونکہ وہ جموں و کشمیر کے بزنس سیکٹر کے بارے میں گہرائی سے جانتے ہیں‘‘۔
ریچھ کے حملے میں شہری زخمی
کنگن/غلام نبی رینہ/ناراناگ کنگن میں سنیچر کو ریچھ نے ایک حملے میں 35سالہ ارشاد احمد کلاس ولد ایوب کلاس ساکن مچکنی وانگت کو شدید زخمی کردیا جس کو فوری طور پر علاج کیلئے ٹراما ہسپتال کنگن پہنچایا گیا جہاں سے اس کو سکمزصورہ مزید علاج کے لئے منتقل کیا گیا۔
دو سال بعدحق کی جیت ہوئی
اگریکلچر ٹیکنو کریٹس کی پریس کانفرنس
سرینگر//سرینگر میںجموںوکشمیر فیڈریشن آف اگریکلچر ٹیکنو کریٹس کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میںفیڈریشن سے وابستہ لیڈران نے انہیں انصاف فراہم کرنے کیلئے عدالت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ عدالت نے حق پر مبنی فیصلہ سنایا جس سے کہ ٹیکنو کریٹس کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔مذکورہ لیڈران کے مطابق یہ پرموشن لسٹ 2019میںتیار کی گئی تھی مگر اسے منظور نہیں کیا جاتا تھاجس کے بعد فیڈریشن نے عدالت کا رجوع کیا۔انہوں نے کہا کہ بالآخر 2سال بعدقانون اور انصاف کی جیت ہوئی۔انہوںنے انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ فیڈریشن کے ترجمان ڈاکٹر فیاض نے اس بات پر زور دیا کہ جموںدفتر میںتعینات دیگر ٹیکنوکریٹس کے مسائل بھی حل کئے جائیں۔پریس کانفرنس میںصدر ڈاکٹر سید مبشرسمیت مختلف اضلاع کے کاڈی نیٹر بھی موجود رہے۔
زرعی یونیورسٹی سوپور میں ’یوم گندم‘ منایا گیا
وائس چانسلر سمیت مقامی کسانوںکی شرکت
سرینگر//زرعی یونیورسٹی واڈورہ میں ’یوم گندم‘ کی نسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت مقامی کسانوں نے بھی شرکت کی۔ شمالی قصبہ سوپورسے قریب سات کلو میٹر دور زرعی یونیورسٹی واڈورہ میں گندم کے عالمی دن کے حوالے سے ایک آگہی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ماہرین نے کسانوں کو گندم کی پیداوار میں اضافہ سمیت کسانوں کو زیادہ سے زیادہ منافع پہنچانے سے متعلق انہیں جانکاری فراہم کی۔اس موقع پر وائس چانسلر نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد کسانوں کو زیادہ سے زیادہ نفع پہنچانا ہے تاکہ وادی کشمیر میں شالی سمیت گندم کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے۔انہوںنے مزید کہا کہ ’’کسانوں کو زیادہ سے زیادہ نفع پہنچانے کیلئے سکاسٹ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، جس کے لیے عالمی یوم گندم کی نسبت سے کسانوں کو تربیت اور معلومات فراہم کی جا رہی ہیں‘‘۔
قاضی گنڈ میں ہلاکت خیز حادثہ
مفرور ڈرائیور گرفتار،گاڑی ضبط
عارف بلوچ
اننت ناگ //میر بازار قاضی گنڈ میں جمعہ کی شام 2نوجوان کو موت کی آغوش میں پہنچانے والے مفرور ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کیا ہے ۔جمعہ کی شام کو سرینگر جموں شاہراہ پر 2نوجوان موٹر سائیکل زیر نمبر JK03J-2738پر سوار قاضی گنڈ کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران میر بازار کے نزدیک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارا جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔ اس بیچ موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے مفرور ملزم کو 3گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کیا گیا۔ملزم کی شناخت محمد حسین تانترے ولد عبدالرحیم تانترے ساکن فرہ اننت ناگ کے طور ہوئی ہے ۔حادثہ میں استعمال ہوئی گاڑی ماروتی ویگن آر زیر نمبر JK03G-7799کو بھی ضبط کیا گیا ۔پولیس نے واقعہ کے حوالے سے پہلے ہی کیس درج کیا ہے ۔اس بیچ مہلوک نوجوانوں کو آبائی علاقہ بون گنڈ ڈورو میں رات دیر گئے سپرد خاک کیا گیا ۔
بانڈی پورہ میں فوڈ کٹ تقسیم
بانڈی پور ہ//ضلع صدر بھارتیہ جنتا پاڑتی مہیلا مورچہ ناہیدہ قمرنے ضلع بانڈی پورہ میں مالی اعتبار سے کمزور کنبوں اور کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر متاثر ہو رہے کنبوں میں فوڈ کٹ تقسیم کئے۔اس موقع پرناہیدہ قمر نے کہا ’’ اشیاضروریہ کو تقسیم کرنے کا مقصد ضرورت مندوں کو مدد کرنا ہے ‘‘ ۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی اس وبا کے دوران کمزور کنبوں کو مدد کرنے کے لئے پیش پیش رہے گی ۔
انجمن علما وائمہ مساجدکا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی ،مولانا محمد شفیع ترالی ناظم دارالعلوم نورالقران سنگم اور حافظ منظور احمد تاس مہتمم دارالعلوم مجددالف ثانی پر مشتمل وفد نے تنظیم کے سرپرست مفتی محمد قاسم قاسمی کے گھرکولگام جاکر انکی بھابی کی اچانک وفات پرتعزیت کا اظہار کیا۔وفد نے انہیں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انجمن ان کے غم میں برابرشریک ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ رب العالمین مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔اس دوران انجمن کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے معروف عالم دین اور جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کے مفتی عام مفتی محمد یعقوب بابا المدنی کے والد کی رحلت پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
۔3ملازمین کا انتقال
لائوڈا اورفائنانس ایمپلائز ایسوسی ایشن کے تعزیتی پیغام
سرینگر // لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لائوڈا) کے وائس چیئرمین ، محکمہ کے ملازمین اور جموں و کشمیر فائنانس ایمپلائز ایسوسی ایشن نے حالیہ ایام میں اپنے تین ساتھیوں کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔لائوڈا ملازمین کا ایک تعزیتی اجلاس وی سی ڈاکٹر بشیر احمدبٹ کی صدارت میں منعقد ہوا اور ملازمین کی موت کو محکمہ کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ ملازمین نے متوفی ملازمین کے ابدی امن کیلئے دعا کی۔بٹ نے کہا ’’فردوس تسلیم خان ، گل محمد بٹ اور غلام قادر پرے کا انتقال پورے محکمہ کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے‘‘۔انہوں نے مرحومین کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پورا محکمہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔جموں و کشمیر فائنانس ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر کی سربراہی میں اے اے او لاوڈا سرینگر فردوس خان کے انتقال پرایسوسی ایشن کاایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں موصوف کے انتقال پر غم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔
کانگریس کاپارٹی سیکریٹری کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار افسوس
سرینگر //جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر نے ہفتے کے روز پارٹی سیکریٹری عبدالرشید لون کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔جے کے پی سی سی کے نائب صدر حاجی عبد الرشید ، سینئر لیڈران محمد امین بٹ ، گلزار احمد وانی ،مشتاق احمد کھانڈے اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی پارٹی سیکریٹری کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ایک تعزیتی پیغام میں جے کے پی سی سی صدر غلام احمد میر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے سوگوار کنبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔دریں اثنا ، پی سی سی کے سکریٹری محمد اقبال میر ، کولگام ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر فاروق احمد بٹ ، ورکنگ صدر ڈاکٹر محمد ایوب متو اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے لون سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شہر خاص کے ایک تاجر خواجہ نذیر احمد خان کے جوان سال فرزند فردوس احمد خان کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہارکیا اور سوگواران کے ساتھ تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اورجنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور والدین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ساگر نے مرحوم کے والد نذیر احمد خان ساکن رنگر سٹاپ خواجہ بازار کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی ۔
پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کا اظہارتعزیت
سرینگر// پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن نے نیو میلینیم پبلک سکول ہندوارہ کے سرپرست شہباز عالم کے والد غلام حسن ڈار کے انتقال پرگہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایسوسی ایشن نے گریٹر کشمیر کے نمائندے طارق رحیم کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا کیونکہ مرحوم اس کے چچا تھے۔ایک تعزیتی اجلاس میں ایسوسی ایشن کے ممبروں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ شہباز عالم معروف ماہر تعلیم کے علاوہ ہندوارہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔پی ایس اے جے کے صدر جی این وار نے سوگوار کنبے سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ’’یہ ہماری ایسوسی ایشن کے کنبے کے لئے ذاتی نقصان ہے اور اس موقع پر ہم شہباز عالم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں‘‘۔ضلع صدر کپوارہ محمد اشرف بابا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سوگوار کنبہ کی علاقے میں تعلیم کے شعبے میں بہت بڑا حصہ ہے اور اس وقت ہر ایک اس غم میں شریک ہے۔