سرینگر// بجبہاڑہ اننت ناگ میں سنیچر کی شام جواں سال ڈینٹل ٹیکنیشن اور آٹو ڈرائیور کی ہلاکتوں میں ملوثین کی شناخت کرلی گئی ہے۔ جبلی پورہ علاقہ میں سنیچر کی شام پیش آئے اس واقعہ میں مسلح افراد نے آٹو ڈرائیورشاہنواز احمد بٹ اور ڈینٹل ٹیکنیشن سنجید احمد پرے پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں سنجید احمد بجبہاڑہ اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا جبکہ شہنواز احمد جی ایم سی اننت ناگ میں دم توڑ بیٹھا۔ جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ سنیچر کی شام بجبہاڑہ کے جبلی پورہ علاقے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھا: 'دوہرے قتل میں ملوث جنگجوئوں کی شناخت کرلی گئی ہے، سوگوار خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا، ہماری ہمدردی لواحقین کے ساتھ ہے‘‘۔'ٹویٹ میںتاہم پولیس نے وضاحت نہیں کی کہ جنگجوئوں کا تعلق کس جماعت سے ہے۔