کٹھوعہ// ڈیولپمنٹ آف نارتھ ایسٹرن ریجن اور وزیراعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ہیرا نگر میں ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کے مجوزہ مقام کامعائینہ کیا۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں راگھو لنگر ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن کٹھوعہ مہان سنگھ، ضلع ترقیاتی کمشنر راہل یادو، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گل کے علاوہ منتخب مقامی یو ایل بی اور پی آر آئی نمائندے بھی موجود تھے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ملٹی پلیکس سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے مطلوبہ اراضی کی صورتحال کے بارے میں پہلی بار جائزہ لینے کے دوران کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے کام کی متوقع رفتار کا حصول نہیں ہوا ہے جس کے نتیجے میں اراضی کی حصول میں تاخیرہوا ہے۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل اور ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ وہ اراضی سے متعلق باقاعدہ رسمی سرگرمیوں کو تیز کرکے جلد سے جلد حکام کے سپرد کریں۔اُنہوں نے اس منظور شدہ منصوبے کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کھیلو ںکے سب سے بڑے سٹیڈیم میں سے ایک ہوگا ۔اُنہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس میں اِنٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ہوگا اور اس سے وابستہ کھیلوں کی سہولیات ایک بار مکمل ہونے سے پورے جموں وکشمیر کی کھیلو ں کی صلاحیتوں کواُبھرنے کا موقعہ ملے گا۔انہوںنے کہاکہ مرکزی وزارت یوتھ اینڈ سپورٹس نے اِس منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس میںکرکٹ سٹیدیم ، ہاکی ٹرف ، ایتھلیٹکس ٹرف، ٹرف فٹ بال ، سکیٹنگ رِنگ ،بکسنگ رِنگ ،سوئمنگ پول وغیرہ سہولیات موجود ہوں گی۔