نئی دہلی//نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو کورونا وباء کے مدنظر پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا کو دیوالی تک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مودی نے قوم کے نام خطاب میں کہا کہ اس اسکیم سے 80کروڑ اہل وطن کو نومبر تک مفت راشن ملے گا۔ وبا ء کے اس دور میں حکومت غریبوں کے مفاد کے لئے ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اس انتظام سے غریبوں کو بھوکا نہیں سونا پڑے گا۔ حکومت نے کورونا وائرس کے قہر کے مدنظر اس اسکیم کو مئی اور جون مہینہ کے لئے منظوری دی تھی۔ گزشتہ برس بھی کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے اس اسکیم کے تحت غریبوں کو آٹھ مہینہ تک مفت اناج دیا گیا تھا۔وزیراعظم نے کہاکہ وباء کے اس وقت میں حکومت غریب کی ہر ضرورت کے ساتھ ساتھی بن کر کھڑی ہے۔ نومبر تک 80کروڑ سے زیادہ اہل وطن کو ہر مہینے طے مقدار میں مفت اناج دستیاب ہوگا۔اس درمیان فوڈ اینڈ سپلائی کے وزیر پیوش گوئل نے پردھان منتری غریب کلیان ان یوجنا کو دیوالی تک توسیع دینے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خطاب کے آغاز میں مودی نے کورونا وبا ء کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا ،’’ گزشتہ سو برسوں میں آئی یہ سب سے بڑی وبا ہے ۔ اس طرح کی وبا جدید دنیا نے نہ دیکھی تھی اور نہ ہی محسوس کی تھی۔اتنی بڑی عالمی وبا سے ہمارا ملک کئی محاذوں پر ایک ساتھ لڑا اور دوسری لہر کے دوران اپریل اور مئی کے مہینوں میں ہندوستان میں میڈیکل آکسیجن کی مانگ میں کافی اضافہ ہوا تھا۔ ہندوستان کی تاریخ میں کبھی بھی اتنی مقدار میں میڈیکل آکسیجن کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا گیا تھا۔ حکومت کی ساری مشینری اس کام میںمصروف ہو گئی ‘‘۔ملک میں ٹیکہ کاری کے پروگراموں کی صورتحال کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا ،’’سنہ 2014 میں ٹیکہ کاری کی شرح 60 فیصد تھی لیکن ہم نے پانچ سات برسوں میں ویکسینیشن کی کوریج 60 فیصد سے بڑھا کر 90 فیصد کردی ہے۔ ہم نے ویکسینیشن کی رفتار اوردائرہ دونوں بڑھا دیا ہے۔ بچوں کو کئی مہلک بیماریوں سے بچانے کے لئے کئی نئے ٹیکوں کو اس مہم کا حصہ بنایا۔ہمیں اپنے ملک کے بچوں کی فکر تھی ، غریب کی فکر تھی ، غریب کے بچوں کی فکر تھی ، جن کو کبھی بھی ٹیکہ لگ ہی نہیں پایا تھا۔ ہم صحیح طرح سے آگے رہے تھے کہ کورونا وائرس نے ہمیں گھیر لیا۔ ملک ہی نہیں بلکہ دنیا کے سامنے پرانے خدشات پیدا ہو گئے کہ ہندوستان اتنی بڑی آبادی کو کیسے بچا پائے گا۔جب نیت صاف ہوتی ہے اور پالیسی واضح ہوتی ہے اورمستقل سخت محنت ہوتی ہے تو نتائج سامنے آتے ہیں۔ ہر خدشے کو نظرانداز کرتے ہوئے ہندوستان نے ایک سال کے اندر ایک نہیں بلکہ دو میڈ ان انڈیا ویکسین لانچ کئے ‘‘۔کورونا ویکسین پر انہوں نے کہا، ’’ ذرا تصور کیجئے کہ اگر ہمارے پاس ہندوستان میں تیارشدہ کوئی ویکسین نہیں ہوتی ، تو آج ہندوستان جیسے بہت بڑے ملک میں کیا ہوتا؟ ہر خدشے کو نظرانداز کرتے ہوئے ہندوستان نے ایک سال کے اندر ہی ایک نہیں بلکہ دو ویکسین لانچ کئے۔ ہمارے ملک کے ، سائنس دانوں نے یہ دکھا دیا کہ ہندوستان بڑے ممالک سے پیچھے نہیں ہے۔ آج جب میں آپ سے بات کر رہا ہوں ، تو ملک میں 23 کروڑ سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہے‘‘۔ ویکسی نیشن مہم کی صورتحال کے تعلق سے انہوں نے کہا’’ گزشتہ طویل عرصے سے ملک مستقل جو کوششیں اور محنت کر رہا ہے ، اس سے انے والے دنوں میں ویکسین کی سپلائی میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔ آج ملک میں 7 کمپنیاں، مختلف قسم کی ویکسین تیار کررہی ہیں۔ مزید تین ویکسینوں کا ٹرائل بھی ایڈونس سٹیج میں چل رہا ہے ‘‘۔
۔18برس کی عمر سے زائد شہریوں کو مفت ویکسین
یواین آئی
نئی دہلی // کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں چلائی جا رہی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اٹھ رہے سوالات کے درمیان مرکزی حکومت نے آج ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ریاستوں کو ویکسین خریدنے کی ذمہ داری سے آزاد کر دیا۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے گذشتہ سال کورونا کی پہلی لہر کے بعد لاگو کی گئی ’پردھان منتری غریب کلیان ان یوجنا‘ کا فائدہ دوسری لہر کے بعد بھی لوگوں کو دینے کے لئے اس کی مدت میں دیوالی تک توسیع کرنے فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز قوم سے خطاب میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ’’ آج یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ ریاستوں کے پاس ویکسینیشن سے متعلق 25 فیصد کام تھا ، اس کی ذمہ داری حکومت ہند اٹھائے گی۔ ان دو ہفتوں میں مرکزاورریاستی سرکاریں مل کر نئے رہنما خطوط کے مطابق ضروری تیاری کر لیں گی۔ آئندہ 21 جون پیر سے ملک کی ہر ریاست میں 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کے لئے حکومت ہند ریاستوں کو مفت ویکسین دستیاب کرائے گی‘‘۔ مودی نے کہا ’’ ویکسین مینوفیکچررز سے ویکسین کی پیداوار کا 75 فیصد حصہ حکومت ہند خود خرید کر ریاستی حکومتوں کو مفت دے گی۔ ملک کی کسی بھی ریاستی حکومت کو اس ویکسین پر کچھ بھی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ اب تک ملک کے کروڑوں لوگوں کو مفت ویکسین مل چکی ہے۔ اب 18 سال کی عمر کے لوگ بھی اس میں شامل ہوں گے۔ ملک کے تمام شہریوں کے لئے حکومت ہند ہی مفت ویکسین فراہم کرے گی۔ ملک میں تیارشدہ ویکسین میں سے 25 فیصد ،پرائیوٹ سیکٹر کے اسپتال براہ راست لے پائیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ اسپتال ویکسین کی مقررہ قیمت کے بعد ایک خوراک کے لئے زیادہ سے زیادہ 150 روپے ہی سروس چارج وصول کرسکیں گے۔ اس کی نگرانی کا کام ریاستی حکومتوں کے پاس ہی ہوگا۔