مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں بجلی کا ترسیلی نظام آہستہ آہستہ مفلوج ہو رہا ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے ترسیلی لائنوں کی نہ تو مرمت کی جارہی ہے اورنہ ہی درختوں کی زد میں آئی بجلی کی تاروں کو منتقل کرنے کیلئے کوئی پلان مرتب کیا گیا ہے ۔صارفین نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ میں کئی ایک مقامات پر لوگوں نے اپنے مکانوں کی چھتوں پر عارضی کھمبے لگا کر تاریوں کو رہائشی مکانات سے اونچا کیا ہوا ہے تاہم موسم کی خرابی اور تیز ہوا کی وجہ سے بجلی کی مذکور ہ تاریں لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بن جاتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ میں کئی ترسیلی لائنیں سبز درختوں سے ہو کر گزرتی ہیں لیکن ملازمین کی جانب سے درختوں کی شاخ تراشی ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی کی جائے جبکہ بجلی نظام کو معیاری بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔