نئی دہلی//جماعت اسلامی ہند نے کہا ہے کہ کورونا سے حفاظت کیلئے ویکسین لگواناجائز ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شریعہ کونسل، جماعت اسلامی ہند میںمولانا رضی الاسلام ندوی سمیت متعدد مفتیان کرام نے اس مسئلے پر غور کیا اور کہا کہ کورونا سے حفاظت کے لئے جو ویکسین ایجاد کی گئی ہے ، وہ علاج نہیں، تحفظی تدبیر ہے ، ہر شخص کو اسے لگوانے کا اختیار حاصل ہے ۔ویکسین لگوانے سے مرض سے بچنے کی امید قوی ہوجاتی ہے،اس لئے اسے لگوالینا بہتر ہے ۔بیان کے مطابق اگر ویکسین میں کوئی حرام چیز شامل ہو تو بھی فقہاء نے سے لگوانے کی اجازت دی ہے، اسلئے کہ اولاً حرام چیز کی قلبِ ماہیئت کے بعد اس کی حرمت ختم ہوجاتی ہے،ثانیاً شدید ضرورت کے وقت حرام چیز کا استعمال جائز ہے ، وبا پھیلی ہوئی ہو یامرض لاحق ہونے کا قوی اندیشہ ہو تو اس سے حفاظت کی تدابیر اختیار کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا مرض لاحق ہوجانے کے بعد اس کا علاج کرانا۔