سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کارراجیو رائے بھٹناگر ، فاروق خان اور بصیر احمد خان نے میلہ کھیر بھوانی کے مبارک موقعہ پر جموںوکشمیر کے عوام بالعموم اور کشمیری پنڈت برادری کو بالخصوص مبارک باددی ہے۔اپنے مبارک بادی کے مشترکہ پیغام میں صلاح کاروں نے کہا کہ یہ تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے اور باہمی احترام کی ایک روشن مثال ہے اور جموںوکشمیر میں بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو مزید تقویت ملے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ موقعہ جموں وکشمیر کے عوام کے مابین بقائے باہمی ، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدر اور اعلیٰ روایات کو تازہ کرتا ہے۔مشیر وں نے جموںوکشمیر کے اَمن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی ۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعہ کو وسطی کشمیر کے گاندربل میں منائے جانے والے میلہ کھیر بھوانی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ محبوبہ نے ایک بیان میں کہا کہ صدیوں سے میلہ کھیربھوانی کا جشن جموں کشمیرمیں ہم آہنگی اور بھائی چارے کا مظہر رہا ہے اور معاشرے کے مختلف طبقات کے مابین یکجہتی کے تعلق کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ایک پیغام میں پی ڈی پی صدر نے پنڈت برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیرکی خوشحالی اور امن کے لئے دعا کریں۔ نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ سالانہ میلہ کھیر بھوانی تولہ مولہ گاندربل کے دوران شردھالوئوں کیلئے معقول اور مناسب انتظامات دستیاب رکھیں جن میں خصوصاً بغیر خلل بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی ، غذائی اجناس کا وافر سٹاک دستیاب رکھنا شامل ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے تاکید کی کہ وہ عقیدتمندوں کو لانے اور لیجانے کیلئے معقول ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ یاتریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پارٹی کے ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون اور ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی کے علاوہ اقلیتی سیل کے صدر ایم کے یوگی، ڈاکٹر سمیر کول اور بھوشن لعل بٹ نے بھی میلہ کھیر بھوانی پر انتظامات کی اپیل کی ہے۔اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے جمعرات کو میلہ کھیر بھوانی کے موقع پر پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کی ہے جو ضلع گاندربل میں ہر سال انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ایک بیان میں بخاری نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی ان ثقافتی اقدار کی نمائندگی کرتی ہے جو جموں وکشمیر کے عوام کے لئے ہمیشہ ایک نمایاں مقام رہی ہے۔انہوں نے کہا ’’ان تہواروں نے جموں و کشمیر کی مختلف برادریوں کے مابین اخوت اور ہم آہنگی کی گہری جڑوں کی عکاسی کی ہے جو صدیوں سے ایک ساتھ رہتے ہیں ‘‘۔
ڈائریکٹر ہیلتھ نے انتظامات کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے جمعرات کو کھیربوانی گاندربل کا دورہ کیا اور وہاں 18جون کو شروع ہونے والے میلہ کھیربوانی کیلئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ محکمہ صحت کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے طبی سہولیات کیلئے منتخب کی گئی جگہ کا دورہ کیا اور وہاں عقیدتمندوں کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ ترجمان نے بتایا کہ کووڈ19کی وجہ سے وہاں تھرمل سکرینگ اور دیگر سہولیات جن میں ایمرجنسی آلات اور ادویات کے سٹاک کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے عقیدتمندوں کیلئے ماسک اور سینی ٹائزر دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے درشن کیلئے آنے والے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے وضع کئے گئے قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔