سرینگر // امر ناتھ شرائین بورڈ کی جانب سے کل 24 جون کو پوتر گپھا میں جیشٹھ پورنما کے موقعہ پرتھم پوجا کی گئی اور یہاں ہون بھی کیا گیا۔کے چیف ایگزیکٹو افسر نتیشور کمار نے بتایا کہ موجودہ کووڈ 19 کی صورتحال کے پیش نظر یاترا 2021 منسوخ کر دی گئی ہے لیکن شرائین بورڈ ماضی کی تمام مذہبی رسومات کو انجام دینے کیلئے پُر عزم ہے ۔ سی ای او نے کہا کہ دُنیا بھر میں لاکھوں عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرنے کیلئے بورڈ نے پوتر گپھا میں روایتی مذہبی رسومات انجام دینے کیلئے تمام انتظامات کئے ہیں ۔ سی ای او کے ہمراہ اننت ناگ اور گاندربل کے دونوں ضلع ترقیاتی کمشنروں سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے۔ادھر امرناتھ چھڑی مبارک کے محافظ مہنت دپیندر گری نے یاترا منسوخی کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یہ بہترین فیصلہ ہے۔انکا کہنا تھا کہ اگرچہ یاترا کے لحاظ سے یہ باعث افسوس فیصلہ ضرور ہے لیکن کورونا صورتحال کے پیش نظر اسے غیر موزوں فیصلہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جن یاتریوں نے انے آپ کو رجسٹر کیا تھا یا جو یاترا پر آنا چاہتے تھے، وہ ہر صبح اور شام آرتی میں شامل ہوسکتے ہیں جو ہر روز ٹیلی کاسٹ کی جائیگی۔انکا کہنا تھا چھڑی مبارک 2اگست کو امرناتھ گھپا پر پہنچ جائیگی۔