بانہال// فوج کی طرف سے سدبھاونا سکیم کے تحت پہاڑی علاقہ ہالہ میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ فوج کی طرف سے منعقد کئے گئے اس میڈیکل کیمپ میں 402 مرد و خواتین کا علاج ومعالجہ کیا گیا اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر موجود فوج کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کئی مریضوں کو مزید جانچ اور اعلیٰ طبی اداروں میں تشخیص کے مشوروں سے بھی نوازہ ۔ میڈیکل کیمپ میں لوگوں کو ادویات کی فراہمی کے ساتھ انہیں صحت مندانہ زندگی جینے کیلئے حفظان صحت کے مثبت اصولوں پر عمل پیراں ہونے کی تلقین کی گئی جبکہ خاندانی منصوبہ بندی اور زندگی میں بہتر طبی طریقوں کو اپنانے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔ اس پروگرام کے دوران COVID-19 کے پیشِ نظر سماجی دوریوں اور دیگر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔ہالہ دہندراٹھ کے مقامی لوگوں نے فوج کی طرف سے منعقد کئے گئے اس کیمپ کی سراہنا کرتے ہوئے فوج کا شکریہ ادا کیا ہے اور مستقبل میں عوام کیلئے ایسے ہی فائدہ مند کیمپوں اور پروگراموں کا انعقاد کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔