بانہال // بھارتی فوج نے سدبھاونہ سکیم کے تحت بانہال کے چاچا حال chachahall) )علاقے میں لوگوں کو بنیادی طبیِ سہولیات کی فراہمی کےلئے ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں چاچا حال اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں سے آئے لوگوں کی بڑی تعداد مستفید ہوئی۔کووڈانیس کے رہنما اصولوں کے مطابق فوج کی طرف سے قائم اس میڈیکل کیمپ میں فوج اور بانہال ہسپتال سے ڈاکٹر کی ٹیمیں آئی ہوئی تھیں اور انہوں نے 450 سے زائد مرد و خواتین مریضوں کی جانچ کی اور ان میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ کئی مریضوں کو مزید معائنہ اور تشخیص کیلئے ہسپتالوں کا رخ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ اس کیمپ میں لوگوں کی مدد اور کیمپ کو یقینی بنانے کیلئے بانہال والنٹیرز کے رضاکار بھی موجود تھے۔فوج کے کمانڈنگ آفیسر اور بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعہ خان نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر مریضوں کی دیکھ بھال ، حفظان صحت کے اصولوں اور خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی لوگوں میں آگاہی پھیلائی گئی۔ اس موقع پر بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعہ خان نے فوج کی طرف سے چاچا حال میں لوگوں کی مدد کیلئے قائم کئے گئے میڈیکل کیمپ کی سراہنا کی۔