انتظامیہ کے رویہ کی مذمت
اشتیاق ملک
ڈوڈہ // بھدرواہ میں پنچائتی نمائندگان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے معاملہ پر سیاسی جماعتوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی ہے ۔ سابق وزیر و کانگریس نائب صدر غلام محمد سروڑی، سابق ایم ایل سی و ایڈووکیٹ نریش کمار گپتا و ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ معراج الدین ملک، بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر، نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر نے انتظامیہ کے اس رویہ کی مذمت کرتے ہوئے اُسے جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے۔اپنے الگ الگ ویڈیو پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف سرکار پنچائتی اداروں کو مضبوط و مستحکم بنانے کا دعویٰ کرتی ہے تو زمینی سطح پر ان کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایل جی کے مشیر عوامی مسائل کا ازالہ نہیں کر سکتے تو پھر سرکاری خزانے کا اتنا کیوں نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جمہوری نظام میں اپنی بات رکھنے کا پورا اختیار ہے۔ سروڑی، نریش گپتا و معراج ملک، راتھر زرگر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سرپنچوں کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھدرواہ میں جنگلات کا کٹاو جاری
بھلیسہ میں جنگل تباہی کے دہانے پر، مکینکل کٹر کا بیجا استعمال، محکمہ خاموش
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے جنگلات ڈویژن بھدرواہ میں جنگلات کا بے دریغ کٹاو جاری ہے تاہم متعلقہ حکام و ماحولیات کے نام پر کام کر رہی تنظیمیں خاموش ہیں۔اطلاعات کے مطابق بھدرواہ ڈویژن کے نیرو رینج، چرالہ و بھلیسہ میں غیر قانونی طور پر لکڑی کی اسمگلنگ جاری ہے اور جنگلات اسمگلر محکمہ کی ملی بھگت سے نشانات مٹانے کےلئے آگ لگا کر آس پاس کے پیڑ پودوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ میڈیا کی ایک ٹیم نے گذشتہ دنوں بھلیسہ رینج کے کمپارٹمنٹس 47،48 49و 50 کا دورہ کیا جس دوران ہر طرف تباہی کے سوا کچھ نہیں دیکھنے کو ملا۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق دیودار، کائل و فر کے سر سبز درختوں کے کٹاو¿ کے لئے مکینکل کٹر کا استعمال کیا گیا ہے اور محکمہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلات اسمگلر محکمہ کی ملی بھگت سے رات دن مکینکل کٹر کا استعمال کرکے جنگل کو تباہ کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسمگلر نہ صرف جنگلات کا صفایا کر رہے ہیں بلکہ اپنی چوری چھپانے کےلئے آگ لگا کر پیڑ پودوں و آس پاس کے بڑے بڑے درختوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں جو آگ لگنے کے کچھ ہی دنوں بعد سوکھ جاتے ہیں۔سیول سوسائٹی ممبران نے محکمہ جنگلات کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز محکمہ کے ملازمین ناجائز لکڑی و مکینیکل کٹر ضبط کرنے کی تصویریں سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہیں لیکن پھر معاملہ کو رفع دفع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے حکام سے بھلیسہ، بھدرواہ و چرالہ میں جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے و جنگل مافیا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
طلعت پرویز نے جموں میں محکمہ کے جاری کاموں کا معائینہ کیا
جموں//کمشنر سیکرٹری ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول طلعت پرویز روہیلہ نے جمعہ کو ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول جموں ڈویژن کے جاری سول کاموں کے مقامات کا معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری کو جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں سرکٹ ہاوس جموں کی توسیع شامل ہے جس میں پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) جموں کے ذریعہ عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ کمشنر سیکرٹری نے تمام منصوبوں کی سٹیج وائز مانیٹرنگ کی اہمیت پر ٹایم بار پر توجہ دینے اور کنٹریکٹ منیجمنٹ سافٹ وئیر کے ذریعے عمل درآمد پر زور دیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے اثاثوں کے ماحول کو بڑھانے کیلئے درختوں ، پودوں ، جھاڑیوں وغیرہ کے معیار اور قسم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بیک وقت زمین کی تزئین کا کام کرنے پر بھی زور دیا ۔ تمام عمارتوں کو خصوصی طور پر اہل افراد کے ساتھ ہم آہنگ بنانے کیلئے بھی ہدایات دی گئیں ۔ بعد ازاں کمشنر سیکرٹری نے ایچ اینڈ پی اور عمل درآمد کرنے والے اداروں کے تمام افسران کے ہمراہ تعمیراتی مقامات کا دورہ کیا اور جاری منصوبوں ، ان کے ڈیزائینوں کا جائیزہ لیا اور محکمہ آر اینڈ بی کے ذریعہ انجام پائے گئے معاہدے اور اجزاءوار حیثیت کو شریک کرنے کیلئے موقعہ پر ہدایات بھی جاری کیں ۔ انہوں نے موجودہ گیسٹ ہاوس اور سرکٹ ہاوس جموں کا بھی دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول پون راٹھور ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول جموں انسویا جموال ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) اور فیلڈ افسران کے ساتھ ساتھ الیکٹریکل ڈویژن کی انجینئرنگ ٹیم بھی تھی ۔
منشیات فروش ہیروئن کے ساتھ گرفتار
جموں //جموں پولیس نے بتایا کہ انہوں نے بس اسٹینڈ سے ایک منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جس کے قبضہ سے ہیروئن برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگائے تھے اور ایک ناکے پر تریکوٹا کمپلیکس کے سامنے واقع بی سی روڈ کے قریب ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بس اسٹینڈکی سربراہی میں ایک تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی جس دوران ٹیم نے ایک منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لائی۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے 5.5 گرام ہیروائن ضبط کی گئی ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
زمین کا تنازعہ بنا لڑائی کا باعث
جموں//جموں میں دو کنبوں کے درمیان زمین کے تنازعہ پر ہوئی جھڑپ میں 2افراد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے 2افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔پولیس نے آج تھانہ ڈومنا کے علاقے میں جائیداد کے تنازعہ کے بعد پرتشدد تصادم میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ دو کنبوں میں زمین کے ٹکڑے پر جھگڑا ہوا جو آپسی جھڑپوں میں تبدیل ہو گیاجس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ جھگڑے میں ملوث دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور اس تعلق سے پولی چوکی میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔