ترال // ترال کے مضافاتی گائوں میں مشتبہ جنگجوئوں نے ایک ایس پی او کو اسکے گھر میں گھس کر ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر اسکی اہلیہ اور بیٹی شدید طور پر زخمی ہوئے۔جن میں سے بعد میں اسکی اہلیہ بھی دم توڑ بیٹھی جبکہ بیٹی کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق رات کے قریب ساڑھے دس بجے بونہ پورہ ہاری پاریگام ترال گائوں میں جنگجوئوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات ایس پی او فیاض احمد کے گھر میں زبردستی گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فیاض احمد ، اسکی اہلیہ راجہ بیگم اور25سالہ جواں سال بیٹی رافیہ اختر شدید طور پر زخمی ہوئے ۔فیاض احمد کو شدید زخمی حالت میں جب نزدیکی اسپتال لیجا یا جارہا تھا تووہ دم توڑ بیٹھا جبکہ اسکی اہلیہ اور بیٹی کو انتہائی تشویشناک حالت میں اننت ناگ ضلع اسپتال لیجایا گیا لیکن اسکی اہلیہ بھی راستے میں ہی دم توڑ بیٹھی۔بیٹی رافیہ کی حالت انتہائی نازک قرار دی جارہی ہے اور اسے سرینگر منتقل کردیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ فیاض احمد کا بیٹا فوج میں کام کررہا ہے، لیکن اسکی تصدیق نہیں ہوسکی۔پولیس نے ٹویٹر ہینڈل پر میاں بیوی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیکر تلاشی کارروائی شروع کی اور جنگجوئوں کے ممکنہ فرار ہونے والے راستوں کا پتہ لگانے کی کوشش کی ۔ پولیس نے کچھ عین شاہدین سے بھی بات کی۔واضح رہے کہ حالیہ دو ہفتوں میں پولیس اہلکاروں پر پے در پے حملے ہورہے ہیں۔