مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں کینی ٹوپہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی دنوں سے بند ہے جس کی وجہ سے پہاڑی پر آبادی مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی بالخصوص میکینکل شعبہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ڈیوٹی میں مبینہ طورپر کوتاہی کررہے ہیں جبکہ اس شدت کی گرمی میں ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے وہ پانی کی شدید قلت سے پریشان ہو گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ لفٹ سکیم کی مدد سے نڑول ،سمکن ودیگر ملحقہ علاقوں کو پینے کا پانی سپلائی کیا جارہاہے تاہم گزشتہ کئی دنوں سے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے 3پنچایتوں کی ہزاروں کی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہو گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ لفٹ سکیم سے جن گھروں کو پینے کا پانی سپلائی کیاجارہا ہے وہ ایک پہاڑی پر آباد ہیں جہاں پر پینے کے صاف پانی کو کوئی معقول متبادل بھی دستیاب نہیں ہے ۔مقا می پنچایت کے ممبر مکھنہ چوہدری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازمین بالخصوص میکینکل شعبہ کے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جبکہ وہ اکثر سپلائی سٹیشن کو تالا بند رکھتے ہیں تاہم ان سے رابطہ کرنے پر عام لوگوں کیساتھ مبینہ طورپر گالی گلوچ کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک تحریری شکایت ضلع ترقیاتی کمشنر کو بھی ارسال کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کوہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے ۔محکمہ آب رسانی کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے کہاکہ میکینکل شعبہ کے ملازمین کی ڈیوٹی ہے کہ وہ پانی کی پہاڑی علاقوں میں لفٹ کریں تاہم مذکورہ ملازمین کی جانب سے ہونے والی کوتاہی اور محکمہ کے پاس ملازمین کی قلت کی وجہ سے عوام مشکلات میں مبتلا ہیں ۔