چناب کے نزدیک نہ جانے کا مشورہ
رام بن// بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کے جاری کردہ مشورے کے مطابق ضلع رام بن کے عام لوگوں کو دریائے چناب کے کنارے جانے سے باز رہنے کی اطلاع دی گئی ہے۔جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح کو منظم کرنے کے لئے آنے والے وقتوں میں اسپل وے کے دروازے جب ضرورت ہو گی کھول دیئے جائیں گے۔ دریائے چناب میں گیٹ کھولنے سے پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے اور یوں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
گول سے الگ کی گئی پانچ پنچایتوں کو واپس کیاجائے
گول کی عوام آئی میدان میں ، کہا ان پنچایتوں کو ملا کرگول کو اسمبلی حلقہ بنایاجائے
زاہد بشیر
گول//گزشتہ روز تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے گول میں گاندھری کو گول کے ساتھ ملا کر اسمبلی حلقے کے مطالبے کو لے کر آج گول کی عوام نے ان سیاسی پارٹیوں کی رائے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ان ہی سیاسی پارٹیوں اور لوگوں نے گول کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے جس وجہ سے آج گول اس تباہی کے دہانے پر پہنچا ہے ۔ گول کو اسمبلی حلقہ بنائے جانے پر جہاں سیاسی گرم ہیں وہیں عام لوگ بھی اب میدان میں آئے ہیں لیکن دونوں کی اپنی اپنی رائے اور خیالات ہیں ۔ گزشتہ روز ڈاک بنگلہ میں تمام سیاسی کار کنوں کی جانب سے ایک مشترکہ اجلاس میں انہوں نے گول کے ساتھ گاندھری اور سمڑ کو ملانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کو گول کے ساتھ ملایا جائے اور اسے اسمبلی حلقہ بنایا جائے وہیں اس کے رد ِ عمل میں گول میں عام لوگوں نے ان سیاسی کارکنوں کی رائے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جس طرح سے ان سیاسی جماعتوں نے گول کو نقصا ن پہنچایا ہے جس کا خمیازہ آج بھی لوگ بالخصوص یہاں کا نوجوان طبقہ بھگت رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گول کے ساتھ دگن ٹاپ کے اُس پار کی پانچ پنچایتوں کو کاٹ کر گول کا گلہ ہی کاٹ دیا گیا ۔ پہلے گول گلاب گڑھ اسمبلی حلقہ کا گلہ کاٹ کر گول کو ارناس کے ساتھ ملایا اور اب گول کو مزید ٹکڑے کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گول کی جو پانچ پنچایتیں کاٹی گئی ہیں اُن کو گول کے ساتھ ملایا جائے اور چالیس ہزار سے زائد ووٹ ہیں جس وجہ سے گول ایک الگ سے اسمبلی حلقہ بن سکتا ہے ۔ انہوں نے حد بندی کمیشن کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کمیشن سے مطالبہ کیا کہ گول کے ساتھ کاٹی گئی پنچایتوں کو ملایا جائے اور گول کو اسمبلی حلقہ کا درجہ دیا جائے گا کہ آج اکیسویں صدی میں گول کی عوام بھی باقی لوگوں کے ساتھ ساتھ آگے چل سکیں ۔
چلی بنجر ٹھانٹھ سڑک کی تعمیرسروے وعوامی مرضی کے خلاف کرنے کا الزام
سنوار کی عوام ڈی سی فریادی،کام سروے کے مطابق ،قبرستان کو محفوظ بنایا جائیگا: حکام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ڈوڈہ کی تحصیل گندوہ کے گائوں سنوارہ بنجر کی عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ پر چلی بنجرٹھانٹھ سڑک کی تعمیر میں سروے کے برخلاف کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی زیر نگرانی جاری سڑک کی کٹائی لوگوں کی مرضی کے خلاف کی جارہی ہے اور جان بوجھ کر غریب کنبوں کی زمینوں کو سڑک کی زد میں لا کر تباہ کیا جارہا ہے۔اس سلسلہ میں فرید احمد خان کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وایڈیشنل ڈی سی سے ملاقات کرکے متعلقہ ایجنسی سے جواب طلبی کرنے کا مطالبہ کیا ۔وفد نے ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن گندوہ کے خلاف شکائت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازمین وتعمیراتی ایجنسی چند لوگوں کے اشارے پر سروے کی زد میں آئی زمینوں کو بچا کر غریب زمینداروں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایجنسی سڑک کی تعمیر میں ضرورت سے زیادہ گریڈ دے رہی ہے جس کے نتیجے میں غریب لوگوں کی زمینوں کا بڑے پیمانہ پر نقصان ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع وسب ڈویژنل انتظامیہ سے سروے کے مطابق سڑک کاکام کرنے وناجائز کٹائو کی روک تھام کا مطالبہ کیاہے۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ایگزیکٹیو انجینئر تعمیرات عامہ ڈویژن گندوہ کے نام تحریری طور پر عوامی یاداشت روانہ کی اور اس پر عمل کرنے وڈی پی آر کے مطابق سڑک تعمیر کرنے کی ہدائت دی۔تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی ایجنسی نے اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا اور اپنی من مرضی سے کام کررہی ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ولی محمد خان نامی ایک سماجی کارکن نے کہا کہ تعمیراتی ایجنسی غریب عوام کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سروے سے باہر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی زد میں ایک قبرستان ودیگر کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔اس سلسلہ میں جب کشمیر عظمی نے ایگزیکٹیو انجینئر تعمیرات عامہ ایم وکرم پنڈتا سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اپنے مفاد کی خاطر سڑک کی تعمیر میں رکائوٹ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کام سروے کے مطابق ہورہا ہے تاہم ا نہوںنے کہا کہ قبرستان کے نزدیک تبدیلی کرسکتے ہیں تاکہ اس کو کوئی نقصانہ پہنچ پائے ۔
عوام میں مفت ماسک تقسیم
کشتواڑ//جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے عوام میں مفت ماسک تقسیم کیے گئے۔ محکمہ ایکسائز کی جانب سے انسپکٹر توصیف وانی اور سب انسپکٹر توصیف کمل نے لوگوں کے درمیان ماسک تقسیم کیے۔ماسک تقسیم کے دوران بغیر ماسک کے نظر آنے والے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ ماسک ضرور لگائیں۔ عالمی وبا کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ماسک لگانا، سماجی دوری رکھنا اور بار بار اپنے ہاتھوں کو سینیٹائزر سے دھوتے رہنا ضروری ہے۔مفت ماسک تقسیم و عوام بیداری پروگرام کے دوران قصبہ کشتواڑ میں انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ عالمی وبا سے تحفظ کے پیشِ نظر جو رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں، اس پر عمل پیرا ہوں تاکہ انتظامیہ کو بھی مدد مل سکے۔
اپنی پارٹی وفد چیف انجینئر پی ڈی ڈی سے ملاقی
جموں //اپنی پارٹی صوبائی سیکریٹری جموں ڈاکٹر روہت گپتا نے گرمائی ایام کے دوران جموں میں باربار بجلی کٹوتی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ سبھاش نگر سے صوبائی سیکریٹری کی قیادت میں ایک وفد نے چیف انجینئر پی ڈی ڈی سے ملاقات کی اور اُنہیں بجلی کٹوتی متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ موجودہ400کے وی ٹرانسفارمر کی صلاحیت بڑھا کر اُس کو 650کے وی کیاجائے، کیونکہ وہ لوڈ بردداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے چیف انجینئر سے ٹوٹی تاروں کو بھی تبدیل کرنے کی اپیل کی۔ چیف انجینئر نے وفد کو بغور سنا اور ترجیحی بنیادپر معاملہ حل کرنے کا یقین دلایا۔ دلجیت سنگھ، منگل سنگھ وغیرہ بھی وفد میں شامل تھے۔
جموں وکشمیر میں بڑھتی بے روزگاری پر اظہار ِ تشویش
جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ نے جموں وکشمیر میں بڑھتی بے روزگاری اور عوامی حکومت کی عدم موجودگی میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے اندر احساس محرومی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔گاندھی نگر میں منعقدہ یوتھ ونگ اجلاس جس میں ممبر شپ اور تنظیمی امور کا جائزہ لیاگیا، سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر یوتھ ونگ رقیق احمد خان نے کہاکہ جموں وکشمیر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری کی وجہ سے مایوسی ہے، سرکاری اور نجی سیکٹر میں روزگار کے مواقعے کم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش کی کہ وہ اِس صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کیاجاسکے۔ ابہے بقایہ نے کہاکہ حکومت کی طرف سے مختلف محکمہ جات میں لگائے گئے یومیہ اجرت ملازمین بھی دو دہائیوں کے زائد عرصہ سے مستقلی کے منتظر ہیں، جن کے اہل خانہ کی حالت انتہائی خستہ ہے اور یومیہ اخراجات پورا کرپانا مشکل ہے۔
پرانی پینشن دوبارہ بحال کرنے کیلئے ٹویٹر مہم
جموں//قومی متحدہ محاذ برائے بحالی اولڈ پنشن نے اپنے قومی صدر بی پی سنگھ راوت کی سربراہی میں30جون 2021 کو پورے ملک میں پرانی پنشن کے حق میں اور نئے پنشن کو ختم کرنے کے لئے ٹویٹرمہم کے ذریعے ملک کے وزیر اعظم اور جموں و کشمیر یو ٹی کے ایل جی کو سینکڑوں ٹویٹ کے ذریعے نئے پنشن کو ختم کرکے پرانی پنشن بحال کرنے کی اپیل کی گئی۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت این او پی آر یو ایف یونٹ جموں وکشمیر نے بھی جوش و خروش کے ساتھ پورے جموں و کشمیر میں ٹویٹر مہم کے ذریعے پرانی پنشن کی مانگ جموں و کشمیر کی سرکار سے کی تاکہ ابھی تک این پی ایس کے تحت کام کرنے والے جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین کے لئے پرانی پنشن سکیم (او پی ایس) کے حل کی امید پیدا کی جاسکے۔جموں و کشمیر کے لئے NOPRUF کے یوٹی کے صدر گلزبیر ڈینگ اور یو ٹی جنرل سیکریٹری عاشق جرال نے جموں و کشمیر میں قومی صدر بی پی سنگھ کی ہدایت پر ایک روزہ ٹیوٹر مہم چلانے کی ملازموں سے اپیل کی تھی ۔