میامی// امریکی ریاست فلوریڈا میںمیامی کے علاقے میں جزوی طور پر منہدم عمارت کو ممکنہ طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر مکمل طور پر مسمار کردیا گیا۔عمارت گرنے کے نتیجے میں اب 24 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ عمارت کے انہدام سے لاپتا ہونے والے 121 افراد کی تلاش و بحالی کا آپریشن روک دیا گیا ہے۔مذکورہ کاؤنٹی کی میئر ڈینیلا لیوائن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت مکمل منہدم ہونے کے بعد ریسکیو کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔دوسری جانب طوفان ایلسا کیوبا کے ساحل کے نزدیک تھا جس کے دوران 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی، اتوار اور پیر کو کیوبا سے گزرنے کے بعد مذکورہ طوفان کے منگل اور بدھ تک مغربی فلوریڈا پہنچنے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں 24 جون کو 12 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 156 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے تھے جن میں سے کچھ کی لاشیں نکال لی گئی تھیں تاہم اب بھی متعدد افراد لاپتا ہیں۔بقیہ عمارت کو گرانے کے لیے ورکرز نے ستونوں میں ڈرلنگ کی اور پھر معمولی دھماکوں کے ذریعے بقیہ عمارت کو بھی منہدم کردیا گیا جس کا ملبہ ایک مختصر رقبے پر گرا۔اس دوران آس پاس کی عمارتوں کو خالی نہیں کروایا گیا تاہم گردو غبار کے پیشِ نظر رہائشیوں کو ایئر کنڈیشنگ بند رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔