بانہال// مقامی رضاکار تنظیم ابابیل ویلفر فاونڈیشن منگت تحصیل کھڑی ضلع نے بھی ایثار دکھاتے ہوئے ہجواہ آگ متاثرین کیلئے امدادی طور اکتیس بستروں کے سیٹ تقسیم کئے اور دس ہزار روپئے کی نقدی رقم بھی ہجوا آگ متاثرین کے فنڈ میں پیش کئے۔ رضاکار سماجی ابابیل ویلفیئر فانڈیشن منگت کے بانی عبد الجبار میر ، صدر ریاض گل اور نائب صدر نسار احمد کھانڈے کی قیادت میں ایک ٹیم نے پیر کے روز ہجوا آگ متاثرین کا دورہ کیا اور مدد کے طور31بستروں کے سیٹ جس میں رضائی، مٹرس اور تکیہ شامل ہیں ہجوا متاثرین کو تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر انجمن کے بانی عبد الجبار میر نے دس ہزار روپئے کی نقدی رقم بھی متاثرین کی مدد کیلئے قائم کئے گئے فنڈ میں جمع کروائی۔عبدالجبار میرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فائونڈیشن کے تمام ممبروں سے صلح مشورے کے بعد ہجوا کے متاثرین کی مدد کا فیصلہ کیا گیا اور مدد کے طور بستروں کا ایک ایک سیٹ متاثرین کو دیا گیا اور دس ہزار روپئے کی نقدی رقم بھی امداد کے طور دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ فانڈیشن کا انحصار مقامی لوگوں اور سرکاری ملازمین کی مالی مدد پر منحصر ہے اور کوشش کی جائے گی کہ ہجواہ متاثرین اور منگت کے عام غریب کنبوں کی مدد کیلئے مزید کوشیشوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے بانہال اور کھڑی تحصیل کی ذی شعور عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہجواہ آگ متاثرین کی بھرپور مدد کیلئے اپنا تعاون دیں اور اپنی طاقت کے مطابق متاثرین کیلئے کچھ نہ کچھ عطیہ کریں۔ انہوں نے کہا مہو منگت اور کے ان پہاڑی علاقوں میں ستمبر کے مہینے کے بعد ہی سردی شروع ہوجاتی یے اور اکتوبر میں بھی برفباری کا احتمال رہتا ہے لہٰذا سرکار کو بھی متاثرین کی مدد کیلئے جلدی کرنی چاہئے ۔