بانہال // منگل کی رات جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مکرکوٹ کے مقام جموں سے سرینگر آنے والے ایک ٹرک کے حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔ رامسو پولیس نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ منگل کی شام دیر گئے مکرکوٹ کے مقام ایک کینٹر ٹرک شاہراہ سے لڑھک گیا اور اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او رامسو رؤف خان کی قیادت میں پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ اس گاڑی میں گھریلو الیکٹرانک اشیا بشمول ریفریجریٹر اور واشنگ مشین وغیرہ جیسا سامان لدھا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ کاروائیوں کے بعد اس کھائی میں ایک شخص شدید زخمی کو پایا گیا لیکن وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن چکا تھا جبکہ گاڑی میں سوار مزید افراد کے خدشے کے پیش نظر بچاؤ کاروائیوں کا سلسلہ رات ایک بجے تک جاری رہا لیکن کسی اور کو جائے حادثہ پر نہیں پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں اس حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت چالیس سالہ ڈرائیور رویندر کمار ولد خوشی سنگھ ساکنہ ہریانہ کے طور کی گئی ہے اور رامسو ہسپتال میں ضروری قانونی لوازمات کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامسو پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کی ہے۔