سرینگر// نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے نائب صدر صوبہ یوتھ جموں طارق احمد ڈار ساکن بانہال پر عوامی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کی بناء پر پی ایس اے کا اطلاق عمل میں لانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نوجوانوں مین سٹریم سماجی کارکن کو ایسے سخت ترین ایکٹ کے تحت پابند سلال بنانا انتہائی تشویشناک بات ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ کی فور لیننگ میں جن لوگوں کی زمینیں جارہی ہیں، طارق احمد ڈار انہی لوگوں کے حقوق کیلئے لڑ رہا تھا اور زمین مالکان کیلئے معقول و مناسب معاوضہ کے علاوہ نوکریوں کی فراہمی کیلئے آواز بلند کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے عوام کی آواز کو دبانے کیلئے طارق احمد کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ اس کیخلاف سخت ترین ایکٹ PSAعائد کرکے اسے کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر کی نئی نسل پہلے ہی پشت بہ دیوار اور مایوسی کی شکار ہوگئی ہے اور ایک مین سٹریم نوجوان سیاسی اور سماجی کارکن کیخلاف ایسے سخت ترین قانون کا نفاذ نوجوان پود کیلئے ایک منفی پیغام ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ طارق احمد ڈار کیخلاف پی ایس اے کو فوری طور پر منسوخ کرکے اُس کی رہائی عمل میں لائی جائے۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر جموں اعجاز جان اور ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے بھی انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور طارق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔