جموں// جموں وکشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے میں خاطر خواہ بہتری لانے کے ایک اور اقدام کے تحت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں تعمیر شدہ 100 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی بلاک اور گنگیال میں 50 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال کو عوام کے نام وقف کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ لوگوں کو فوری طور پر صحت کی دیکھ بھال کی معیاری سہولیات فراہم کرکے قیمتی انسانی جانوں کو بچایاجائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ صحت کی نئی سہولیات ایمرجنسی مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مستحکم بنائے گی ، بہتر کلینیکل مینجمنٹ کو یقینی بنائے گی ، اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو بستروں کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے زور دیا کہ" مستقل بنیادوں پر صحت کے بنیادی ڈھانچے میں خاطر خواہ اضافہ کرکے قیمتی انسانی جانوں کی بچت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘‘۔انہوںنے کہا کہ یوٹی میں صحت کی دیکھ بھال کا بنیادی ڈھانچہ گذشتہ 11 مہینوں میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بروقت مداخلت کے ساتھ ہم نے جموں و کشمیر میں کووڈ اور غیر کووڈ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے زیادہ سے زیادہ صلاحیت پیدا کردی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کا بہتر انتظام ہوتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آج افتتاح کی جانے والی نئی سہولیات سے مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی میں حکومت کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سب کو صحت کی نگہداشت کی خدمات کی فراہمی کے لئے دستیاب وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے صحت کے اداروں کے کام کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا۔افتتاحی تقریب کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے دونوں مقامات پر صحت کی نئی سہولیات کے مختلف حصوں کا چکر لگایا اور مریضوں کو دستیاب طبی امداد کی خدمات کا معائنہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وہاں موجود طبی عملے سے بھی بات چیت کی اور ان سے کہا کہ وہ آنے والے مریضوں کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کریں۔