بانہال//جمعرات کی دوپہر بانہال کے چکناڑواہ علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی ہے اور اسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چالیس سالہ جبینہ بیگم زوجہ عبدالحمید سوہل جمعرات کی دوپہر قریب ایک بجے اپنے گھر کے نزدیک مکئی کے کھیتوں میں سے راجماش چن رہی تھیں کہ ایک کالا ریچھ وہاں نمودار ہوا اور اس پر حملہ آور ہوا۔ چیخ وپکار کے بعد مقامی لوگ اس طرف متوجہ ہوگئے اور ریچھ خاتون کو شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر وہاں سے فرار ہوگیا۔ لوگوں نے خاتون کو ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں خاتون کو سر ، بازو اور جسم کے دوسرے حصوں پر شدید زخم آئے ہیں۔ ایمرجنسی بانہال ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ ریچھ کے اس حملے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے فارسٹر محمد رفیق کی قیادت میں علاقے سے جنگلی جانوروں کو بھگانے کیلئے تلاش کاروائیاں شروع کی ہیں اور لوگوں میں پٹاخے تقسیم کئے گئے ہیں۔ محمد رفیق فارسٹر نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے ضروری کاغذی لوازمات کے بعد زخمی خاتون کی مالی معاونت کی جائے گی ۔اس۔سلسلے میں پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔