بجلی فیس میں اضافے کے فیصلے پرنظرثانی کی جائے
اپنی پارٹی کے نائب صدرکی لیفٹینٹ گورنر سے گزارش
سرینگر//اپنی پارٹی سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش کی ہے کہ بجلی فیس میں اضافہ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے کیونکہ اِس سے جموں وکشمیر کے عام آدمی کے جیب پر مزید بوجھ پڑا ہے۔ایک بیان کے مطابق میر جنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر دفتر اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ یہ معاملہ اُجاگر کیا ، نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بجلی کرائے میں اضافہ ناقابل ِ بردداشت ہے۔ انہوں نے کہا’’مجھے صبح گلمرگ حلقہ سے متعدد اطلاعات موصول ہوئیں جس میں صارفین نے بتایاکہ اُنہیں بجلی کے بہت زیادہ بل بھیجے گئے ہیں،یہ سراسر غیرضروری فیصلہ ہے جو محکمہ برقیات نے لوگوں کی مشکلات کو دھیان میں رکھے بغیر لیا ‘‘۔میر نے کہاکہ کورونا وباء نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی معیشت کو بہت نقصان پہنچا یاہے لیکن جموں وکشمیر کے شہری پہلے ہی 2019سے لاک ڈاؤن، بندشوں سے پریشان حال ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر ، چیف سیکریٹری اورمتعلقہ چیف انجینئر سے اپیل کی ہے کہ اِس یک طرفہ بجلی فیس میں اضافے کے فیصلے پرعوامی مفادات میں نظرثانی کی جائے۔
ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام چیئرمین نے اعتماد کھویا
نائب چیئرمین نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی
سرینگر//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بڈگام کے نائب چیئرمین چودھری نذیر احمد جاہارہ نے 10ڈی سی سی ممبران کی طرف سے ضلع الیکشن افسر(ڈپٹی کمشنر بڈگام) کے پاس کونسل کے چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی اور اس سلسلے میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ عدم اعتماد کے میمورنڈم پر جن 10ڈی ڈی سی ممبران نے دستخط کئے ہیں اُن میں نیشنل کانفرنس کے 8، پی ڈی پی اور پیپلز مومنٹ کا ایک ایک ممبر شامل ہے۔ چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے والوں نے اُمید ظاہر کی کہ چیئرمین کا از سر نو انتخاب عمل میں لایا جائے اور اس میں تمام آئین اور جمہوری اصولوںکی پاسداری ہوگی۔
فراگنڈ میں مویشیوں میں منہ کھر بیماری
غلام نبی رینہ
کنگن//فرا گنڈ میں مویشیوں میں بیماری پھیلنے سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔غلام رسول نامی ایک شخص نے بتایا کہ فرا گنڈ کنگن میں مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے علاوہ کئی مویشیوں کے پیٹ میں سوجن چڑ جانے سے ان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ فرا گنڈ کے لوگوں نے محکمہ انیمل ہسبنڈری کے اعلی افسران سے اپیل کی کہ علاقے میں ڈاکٹروں کی ٹیم روانہ کی جائے ۔
قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک: حکیم
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمدیاسین نے بازار وںمیں اشیا ضروریہ و قربانی جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آنی والی عیدالاضحی کے سلسلے میں اشیا ضروریہ اور قربانی جانوروں کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے مارکیٹ چکنگ کو روزانہ بنیادوں پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کے موقع پر چند بد دیانت اور نا جائز منافع خور صارفین کو مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے کے عادی بن چکے ہیں جن کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔حکیم نے حکومت پر زور دیا کہ آنی والی عید الاضحی کے سلسلے میں صارفین کے لئے اشیا ضروریہ اور قربانی جانوروں کی مناسبت قیمتوں پر وافر تعداد میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ ضرورت مند صارفین کے لئے قربانی کے جانورں حسب ضرورت حکومت کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخ نامہ کے مطابق کسی رکاوٹ کے بغیر دستیاب رکھے جانے چاہیے۔حکیم نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عیدالاضحی کے پیش نظر تمام شہری و دیہی علاقوں میں خصوصی طور پر صحت و صفائی کا انتظام کریں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی کی تقریبات کے دوران کووڈ سے بچاو کے لئے مقرر کئے گئے رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیراکریں۔
بادامی باغ میں’سورنم وجے ورش‘تقریب منعقد
1971جنگ میں مارے گئے اہلکاروں کو خراج
سرینگر//پاکستان اور بھارت کے مابین 1971 جنگ میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کو سرینگر میں ’سوارنیم وجے ورش ‘کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میںایک تقریب منعقد ہوئی ہے ۔ اس جنگ میں فوج کے مطابق تین ہزار سے زائد فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ نو ہزار سے زائد اہلکار زخمی ہوئے تھے۔سرینگربادامی باغ کنٹونمنٹ میںمنعقدہ تقریب میں 15چنار کورکے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کی قیادت میں ہلاک ہوئے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں جنگ میں شامل ہوئے سابق فوجی اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کی یادگار پر گلباری کی۔ تقریب کے اختتام پر فوجی کمانڈر ڈی پی پانڈے نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے فوج کے ساتھ اس جنگ کی یادیں تازہ کی اور اس کے متعلق تقریبات کا حصہ بنے۔
زینہ کوٹ میں آگ سے جے کے بینک کوجزوی نقصان
سری نگر//زینہ کوٹ سرینگرمیں آگ کی ایک واردات میں جے کے بینک کی ایک شاخ کوجزوی نقصان پہنچا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ جس کمپلیکس میں بینک کی برانچ قائم تھی ،اُس کی پہلی منزل میں آگ نمودارہوئی ۔لوگوںنے بتایاکہ آگ کی واردات میں جے کے بینک کی زینہ کوٹ برانچ کوجزوی نقصان پہنچا۔جے کے بینک کی مذکورہ برانچ کابیشتر سامان اس کمپلیکس سے پہلے ہی انڈسٹرئیل ایریا ایچ ایم ٹی زینہ کوٹ منتقل کیا گیا ہے،تاہم کچھ سامان ابھی یہاں موجودتھا ،جس کونقصان پہنچا لیکن آگ کی اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔(جے کے این ایس
ناظم سیاحت کا دورۂ مانسبل
محکمہ جاتی اَثاثوں کا معائینہ کیا
مانسبل//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے مانسبل کا دورہ کیا اور سیاحت کے مختلف شراکت داروں سے تبادلہ خیال کیا۔دورانِ تبادلہ خیال ناظم سیاحت نے شراکت داروں کے مسائل ، مطالبات اور مشکلا ت کا جائزہ لیا جس میں رہائش یونٹ ہولڈرز ، شکارا والا اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے شامل میں ۔ اُنہوں نے سیاحوں کے لئے سہولیات اور خدمات کا بھی معائینہ کیا۔ڈاکٹر ایتو نے شراکت داروں کو ان کی تجاویز ، مطالبات اور اَمور پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کووِڈ ۔19 کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کے بعد مانسبل میں ایک تہوار کے انعقاد کے ان کے مطالبے پر غور کرے گا۔دورے کے دوران ناظم سیاحت کشمیر نے وٹلب کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہوں نے سیاحوں کے لئے محکمہ کے اثاثوں کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے اِن اثاثوں کی باقاعدگی سے دیکھ ریکھ کے لئے محکمہ کے اَفسران پر زور دیا تاکہ حضرت بابا شکر الدین ؒ کی زیارت پر جانے والے زائرین اور گریز اور بانڈی پورہ جانیوالے سیاحوں کو سہولیت فراہم ہو۔ دورے کے دوران ناظم سیاحت کشمیر کے ہمراہ محکمہ کے سینئر اَفسران اور اہلکار تھے۔
خانقاہ معلی میں آج مفت طبی کیمپ
سرینگر//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے 17جولائی کوخانقاہ معلی شاہ ہمدان ؒ آستان عالیہ کے باہر مفت طبی کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹرمریضوں کا علاج و معالجہ کرینگے اور ادویات بھی تقسیم کی جائینگی۔ جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے چیرمین اشتیاق بیگ کی سربراہی میں منعقدہ مفت طبی کیمپ میں سکمز صورہ کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم لوگوں کا علاج ومعالجہ کرے گی ۔ (سی این آئی)
حضرت امام محمد باقر ؑ کی ذات صفاتِ
علوم دین کا بحرِ بیکراںاوراپنی مثال آپ : آغا مجتبی
سرینگر// مرکزی امام باڑہ بڈگام میںآغا سید مجتبی عباس نے خطبہ جمعہ کے دوران امام محمد باقر ؑکے یوم شہادت کی مناسبت سے اپنے خطاب میں امام عالی مقام ؑکی سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقامؑ کی ذات قدسیہ علوم دین کا بحر بیکران ہے ۔ امام محمد باقرؑ کے فضائل اور مقام و منزلت پر روشنی ڈالتے ہوئے آغا مجتبی نے کہا کہ امام ؑ اپنے زمانہ میں علم وزہد ، تقوی وپرہیزگاری اور دیگر صفات ِ حمیدہ میں اپنی مثال آپ تھے ، آپؑ کی فضیلت کے لئے یہی کافی ہے کہ سرکار دوعالم ﷺ نے اپنے مشہور صحابی جابر ابن عبد اللہ انصاری ؓکے ذریعہ آپ کو سلام پہنچایا اور آپ کوباقر العلوم کا لقب عطا فرمایا، آپ ماں اور باپ دونوں طرف سے علوی اور ہاشمی تھے اس لئے آپ کو ابن الخیرتین کہا جاتا ہے۔ آپ نے اپنی مدت امامت اور زعامت میں اسلامی تعلیمات اور دینی اقدار نیز امت اسلامیہ کے اتحاد کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔بنی امیہ اور بنی عباس کے درمیان سیاسی اور جنگی رسہ کشی کی بنا پر آپ کو حقیقی اسلام کی تبلیغ کا سنہری موقع ہاتھ آیا جس کو غنیمت جانتے ہوئے آپ نے ایک ایسی عظیم یونیورسٹی کی داغ بیل ڈالی جس نے امام جعفر ِ صادق ؑکے زمانہ میں اور بھی ارتقا کی منازل طے کی جس میں ہزاروں شاگردوں نے تربیت پائی جنہوں نے تمام عالم میں علمی اعتبار سے ا سلام کی شان وشوکت میں چار چاند لگا ئے۔
ٹنگمرگ میں 3حفاظ کی دستار بندی کی گئی
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //مرکزی جامع مسجد ٹنگمرگ میں نماز جمہ کے بعد درالعلوم پیامیہ قاضی پورہ ٹنگمرگ میں فارغ التحصیل 3حفاظ قرآن کی جامع مسجد ٹنگمرگ کے امام وخطیب مولوی شوکت احمدنے دستاربندی کی ۔اس پر وقار محفل میں مزمل احمد بٹ، توصف احمد خان اور باسط احمد خان کو جامع مسجد میں متعدد علما ء کرام کی موجودگی میں قرآن شریف حفظ کرنے پر دستار بندی کرنے کے علاوہ مبارکباد پیش کی گئی ۔
ڈاکٹر فاروق کی تعزیت پرسی
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زکورہ حضرت بل جاکر مرحوم غلام حسن میر(ممتاز تاجر) کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے برادران غلام محمدمیر، نذیر احمدمیر اور فرزندان کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت پرسی کی۔ اس موقعہ پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت انسان دوست، غریب پرور شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کے والد محمد جمال میر (انڈو کارپٹ) کو شیخ محمد عبداللہ کیساتھ بہت زیادہ رقبت تھی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں دین اور دنیا کی دولت اور عزت عطا کی تھی اور مرحوم نہ صرف ملک بلکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ تاجروں میں شمار ہوتے تھے۔
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ
سرینگر//پیپلز کانفرس لیڈر محمد سلیمان بٹ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، مشیروں ، صوبائی کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں عوامی معاملات و مسائل کے تئیں دفتری طوالت کو ختم کریں۔ انہوں نے چیف انجینئرآر اینڈ بی، پی، ایچ، ای اور پی، ایم،جی ، ایس،وائی پر بھی زور دیا کہ وہ اوالین فرصت میں رواں موسم کا فائدہ اٹھا کر سڑکوں پر میگڈم بچھانے اور پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوںنے کہاکہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کو تمام تر سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔