سرینگر// صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں پارٹی کے سرکردہ عہدیداروں، زون صدور صاحبان، ضلع صدور صاحبان اور الیکشن مشاہدین سے تاکید کی ہے کہ وہ تنظیمی ممبرشپ اور تنظیمی انتخابات کے عمل کو شیڈول کے مطابق پائے تکمیل تک پہنچائیں۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ لیڈران، عہدیداران و کارکنان سے اپیل کی کہ نیشنل کانفرنس کے تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کرنے میں اپنا بھر پور تعاون دیں تاکہ تنظیمی یونٹوں کو ہر سطح پر مضبوط اور متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے پوری اُمید ہے کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے چھوٹے اور بڑے عہدیداران اور کارکنان جماعت کو اس انتخابی مہم کو ہر سطح پر کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریں گے اور لوگوں کو نیشنل کانفرنس کے بنیادی مقاصد اور اصولوں سے روشناس کرانے میں اپنا بھر پور تعاون دیں۔‘