بارہمولہ // بارہمولہ پولیس نے25سال سے مفرور آرمز ایکٹ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔مذکورہ ملزم 1997سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کررہا تھا۔ ڈی ایس پی بارہمولہ سید سجاد حسین کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے مفرور کو گرفتار کرنے میں کامیاب حاصل کی جسکی شناخت بشیر احمد لون ولد محمد مقبول لون ساکن کھادنیار ، بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پولیس سٹیشن بارہمولہ کے ایف آئی آر نمبر 34/1997 میں ملوث ہونے پر قانون کو مطلوب تھا۔گرفتار ملزم کو معزز عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے جیل منتقل کردیا گیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 16فروری 1997کو بارہمولہ پولیس تھانے میں2ملزمان کیخلاف ایف آئی آر نمبر 34/1997 درج کیا گیا تھا ۔ ان کی تحویل سے بس اسٹینڈ بارہمولہ میں 4 چینی دستی بموں کی بازیابی ہوئی تھی۔اسکے بعد دونوں کو معزز عدالت کے روبرو چالان کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران مذکورہ ملزم کو معزز عدالت نے مفرور قرار دے دیا۔