جموں//اپنی ٹریڈ یونین نے جمعہ کے روز جموں میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکام پر وارڈ نمبر23ستوار میں ترقیاتی کام کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔ احتجاج کی قیادت اپنی ٹریڈیونین ضلع صدر انیرودھ وسیست کی قیادت میں احتجاج کر رہے ورکروں نے علاقہ میں گلیوں اور نالیوں کی خستہ حالی پر تشویش ظاہر کی اور کہاکہ حالیہ موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے وارڈ نمبر23کے مکینوں اور دکانداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ علاقہ جموں میونسپل کارپوریشن کے تحت آتا ہے، اِس کے لئے جے ایم سی ذمہ داران کا فرض بنتا ہے کہ وہ علاقہ میں گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کریں تاکہ لوگوں کو عرصہ دراز سے درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ مکینوں کی مشکلات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے یہ بھی گذارش کی کہ دکانوں ودیگر کاروباری اداروں کو بند کرنے کے وقت میں توسیع کی جائے تاکہ وہ روزی روٹی کمانے کے قابل بن سکیں کیونکہ لاک ڈاؤن نے اُن کی اقتصادی حالت کو بہت کمزورکر دیاہے۔