کشتواڑ // ضلعی ترقیاتی کونسل کی چیئر پرسن کشتواڑ پوجا ٹھاکر نے ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن صائمہ شبیر لون کی موجودگی میں کونسل کے ممبران اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کی ۔نچلی سطح پر پنچایتی راج ایکٹ کے نفاذ سے متعلق تربیت پروگرام بھی منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر شام لال ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت کے علاوہ بی ڈی اوز نے شرکاءکو پنچایتی راج ایکٹ کے مختلف پہلوو¿ں اور دفعات کے بارے میں تربیت دی اور ضلع میں پنچایت راج انسٹی ٹیوٹ کے ڈھانچے اور اس کے کام کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جانکاری پروگرام کے دوران شریک ڈی ڈی سی ممبران میں تربیتی کٹس تقسیم کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر پنچایت اور دیگر مقررین نے ایکٹ کے نفاذ کے بارے میں آگاہی کے علاوہ نو تشکیل شدہ ضلعی ترقیاتی کونسل کی سہ ماہی میٹنگوں کے انعقاد میں رہنما اصول ، کردار اور ذمہ داریاں کے حوالے سے بھی جانکاری دی ۔قبل ازیں ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے پہلے سے دی گئیں ہدایات پر کی جانے والی کارروائی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ڈی ڈی سی کو مختلف کاموں اور فلاحی منصوبوں میں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کو وقت کے اندر اندر مکمل کریں تاکہ لوگوں کو ان کا فائدہ مل سکے ۔