تھنہ منڈی //میونسپلٹی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کو لے کر سنیچر کے روز تھنہ منڈی میں میونسپلٹی گیٹ پر سخت احتجاج کیا اور جم کر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو مستقل کرنے کےساتھ ساتھ ان کی تنخواہیں ماہانہ بنیادوں پر وگزار کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 10ماہ سے انھیں کوئی تنخواہ نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی خدمت کرنے میں وہ کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں جس کے عوض انہیں حقیر تنخواہ دی جاتی ہے لیکن وہ بھی اب وقت پر وگزار نہیں کی جارہی ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی ان کے مطالبات کی طرف توجہ نہیں دی تو تمام عارضی ملازمین اپنے کنبوں سمیت سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل بھی کئی بار احتجاجوں کے ذریعے حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے وزیر اعظم نے بھی ایک اعلان کیا تھا لیکن اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔