فارما ایسو سی ایشن وفد اَتل ڈولو سے ملاقی
۔96پرموشن آرڈر تفویض کئے
سر ی نگر//جے اینڈ کے گورنمنٹ فارماسسٹ ایسو سی ایشن ( جے کے جی پی اے ) نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اَتل ڈولو سے ملاقات کی اور اُنہیں مطالبات کی ایک یاد داشت پیش کی۔اِس موقعہ پر اَتل ڈولو نے 96 پروموشن آرڈر بھی دئیے جن میں سینئر فارماسسٹ ، سپر وائزری فارماسسٹ اور ہیڈ فارماسسٹ شامل ہیں۔وفد کی قیادت جے کے جی پی اے کے صدرشیخ معراج الدین کر رہے تھے جنہوں نے اے سی ایس کے سامنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وفد کو بغور سنا ۔ ایسو سی ایشن نے فارماسسٹوں کے حق میں تازہ رجسٹریشن جاری کرنے کا معاملہ اُٹھایا جو محکمہ صحت میں کام کر رہے ہیں۔اے سی ایس نے ایسو سی ایشن کو کہا کہ فی الحال معاملہ فارمیسی کونسل آف اِنڈیا کے ساتھ زیر غور ہے اور جیسے رائے موصول ہوگی اسے انتظامی محکمہ کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
۔1971کی جنگ میں فتح کے50سال
فتح مشعل کاسیاچن گلیشیر پر استقبال:دفاعی ترجمان
سری نگر//1971 کی پاک بھارت جنگ میں ہندوستانی فوج کی فتح کے 50 سال مکمل ہونے کی یاد میں سوارنم وجے فتح مشعل3، اگست2021 کودنیا کے بلندترین مقام جنگ سیاچن گلیشیر کی منجمد سرحدوں تک پہنچ گئی۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں تعینات دفاعی ترجمان عمرون موسوی نے اپنے بیان میں بتایاکہ 22ہزار فٹ بلندی پرواقع سیاہ چن گلیشیرکی منجمد سرحدوں کے بانا پوسٹ پر مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فتح مشعال کو وصول کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ بانا پوسٹ کو 1987 میں ایک بے مثال جرات مندانہ آپریشن میں بھارتی فوج نے قبضے میںلیا۔ اعزازی کیپٹن بانا سنگھ کو اس آپریشن کے لئے بہادری کے لئے اعلیٰ فوجی اعزاز پرم ویر چکر سے نوازا گیا۔ دفاعی ترجمان عمرون موسوی نے کہاکہ بانا پوسٹ سے ، سوارنم وجے مشعل کو سیاچن گلیشیر کے شمالی ترین مقام اندرا کرنل لے جایا گیا جہاں ہندوستانی فوج کے جوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ اس کا استقبال کیا اور ملک کے دفاع کیلئے اپنے عہد کا اعادہ کیا۔
سونہ مرگ میں وے برج پرس سی ٹی وی کیمرے نصب
کنگن//غلام نبی رینہ//لداخ شاہراہ پر چلنے والے ٹرک ڈرائیوروں کی ایک دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے سونہ مرگ میں قائم وے برج پر سی سی ٹی وی نصب کئے۔ سرینگر لداخ شاہراہ پر چلنے والے مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی دیرینہ مانگ تھی کہ وے برج پر پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں جس کے بعد ٹرانسپورٹ محکمہ نے گذشتہ روز وے برج پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ۔ان ڈرائیوروں نے محکمہ ٹریفک کے حکام سے مطالبہ کیا کہ سونہ مرگ میں قائم ٹریفک چیک پوسٹ پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ اگر کوئی گاڑی تیز رفتاری سے چلے گی تو اس کو روکا جاسکے جس سے سونہ مرگ میں ٹریفک نظام کو درست کیا جائے۔
لوگوں کے مسائل اُجاگرکرنا نیشنل کانفرنس کی ترجیح:ساگر
سرینگر//نیشنل کانفرنس کو ہمیشہ لوگوں کا تعاون حاصل رہا ہے اور یہی جماعت لوگوں کو موجودہ مشکل حالات سے نجات دلاسکتی ہے۔ان باتوں کااظہار پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی صدردفتر پرمختلف علاقوں سے آئے افراد اور وفود کے ساتھ ملاقات کے دورا ن کیا۔ایک بیان کے مطابق پارٹی لیڈران اور عہدیداران نے اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کے علاوہ اقتصادی بدحالی، بے روزگاری، حد سے زیادہ مہنگائی اور دیگر معاملات جنرل سکریٹری کے سامنے زیر بحث لائے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکمران صرف کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہیں اور زمینی سطح پر لوگوں کی راحت کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔جنرل سکریٹری نے کہا کہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو اُجاگر کرنا اور ان کا سدباب کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا نیشنل کانفرنس کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور ہمیں ہر حال میں خود کو عوام کیلئے وقف رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مخلص اور بے لوث کارکنوں کی قربانیوں کی بدولت ہی جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس لوگوں کے دلوں پر راج کررہی ہے اور انشااللہ مستقبل میں بھی یہ جماعت لوگوں کی خدمت کرتی رہے گی۔
۔5 جونیئر’کے اے ایس‘افسروں کی آزمائشی مدت پوری
سرینگر//بلال فرقانی// انتظامیہ نے کہاکہ سال2012 سکینڈ بیچ کے5جونیئر اسکیل’’کے اے ایس‘‘ افسراں نے اپنی پروبیشن کی مدت پوری کی۔ اس دوران دو ’کے اے ایس‘ افسراں کو اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی نے اس سلسلے میں منگل کو ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جموں کشمیر سیول سروس(درجہ بندی،کنٹرول اور اپیل) ضوابط مجریہ1956 بشمول جموں کشمیر انتظامی خدمات سروس ضوابط مجریہ2008 کے تحت جموں کشمیر انتظامی سروس کے ان جونیئر سکیل افسراں، جن کو سرکاری حکم نامہ929-GAD of 2012محررہ4ستمبر2012کو تعینات کیا گیا تھا،نے اپنا پربیوشن عرصہ اطمینان بخش پورا کیا۔ان افسراں میں سوربھ شرما سید نازمہ تبسم شاہ،کیول کرشن شرما،اوم پرکاش اور دیپ کمار شامل ہیں۔ اس دوران انتظامیہ نے شمالی ریلوئے ادھمپور،ریاسی میں حصول اراضی کے کلکٹر غربی راشد کو تا حکم ثانی حصول دفاعی اراضی ادھمپور کا اضافی چارج بھی تفویض کیا۔ منوج کمار دیویدی کی جانب سے ایک اور علیحدہ حکم نامہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ راکیش کمار کو تا حکم ثانی ٹوارزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھدرواہ کے چیف ایگزیکٹو افسر کا اضافی چارج تفویض کیا گیا۔
بالاکوٹ حملہ:نئی تصنیف میں سارے حقائق پیش کرنے کا دعویٰ
نئی دہلی//ایک نئی کتاب میں 2019 کے پلوامہ خودکش حملے اور بھارت کے سخت ردعمل جوبالاکوٹ ہوائی حملے کی صورت میں اس کے بارہ روزبعد پیش آیا ،کے واقعات کی حقیقی عکاسی کی گئی ہے۔بحریہ کے کہنہ مشق منان بھٹ کی تصنیف ’’بالاکوٹ فضائی حملہ؛کس طرح بھارت نے پلوامہ کا بدلہ لیا‘‘ گروداپرکاشن نے شائع کی ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کتاب میں ان دو واقعات کی تفصیل پیش ہے کوبدقسمت بس جوخودکش حملے کاشکار ہوئی،سے لمحوں قبل سے لیکرکاک پٹوں تک جن سے بم گرائے گئے اوران بارہ ایام کے دوران کیا کچھ ہوا،وہ سب اس کتاب میں درج ہے۔ 26فروری2019کوبھارتی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے حدمتارکہ عبور کرکے پاکستان کے بالاکوٹ علاقے میں لانچنگ پیڈوں کو تباہ کیا۔یہ فضائی حملہ پلوامہ میں 14فروری کو رونماہوئے خودکش حملے جس میں 40سی آرپی ایف جوان مارے گئے،کے بعدکیاگیا۔کتاب میں وادی میں تعینات سی آر پی ایف جوانوں کی زندگی اور انہیں درپیش خطرات کا ذکر بھی ہے ۔
بڈگام میں13مائیکروکنٹینمنٹ زونوں کا قیام
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے کہا کہ کچھ علاقوں سے نئے مثبت معاملات رِپورٹ ہونے کے بعد ضلع میں 13کووِڈ ۔19 مائیکرو کنٹین منٹ زون( ایم سی زیڈ ) قائم کئے گئے ہیں ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجود ہ کووِڈ منظر نامے کی بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اِس وقت 76مثبت سرگرم معاملا ت ہیں اور شفایابی کی شرح 99.5فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اس طرح ضلع میں مثبت شرح 0.5فیصد سے کم ہے ۔ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹیکہ لگانے کا عمل آسانی سے جاری ہے اور بڑے پیمانے پر نمونے لئے جارہے ہیں تاکہ کسی نئے معاملہ کا سراغ لگایا جاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کچھ علاقوں سے نئے معاملات کی رِپورٹ آئی ہے اور اِنتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر معاملات کی تعداد میں اِضافہ ہوا تو متعلقہ علاقوں کو مائیکرو کنٹین منٹ زون قرار دیا جاسکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ ۔19مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اَپنانے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں مثبت معاملات میں اضافے کو روکا جاسکے ۔
خواتین میں خودکشی کا رجحان
اپنی پارٹی زنانہ ونگ کو تشویش
سرینگر//اپنی پارٹی خواتین ونگ کا منگلوار کو ایک اجلاس منعقد ہوا، اس کی صدارت خواتین ونگ صوبائی صدر دلشاد شاہین نے کی۔ اس کے علاوہ رفقیہ، جمیلہ خان اور ڈاکٹر عصمت بھی دیگر پارٹی کارکنان کے ساتھ موجود تھیں۔ ایک بیان کے مطابق دلشا د شاہین نے کہاکہ اِس پروگرام کا مقصد کشمیر صوبہ میں خواتین پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنا اور روزمرہ زندگی میں خواتین کو درپیش مشکلات ومسائل کو زیر ِ بحث لاناتھا۔ موصوفہ نے کہاکہ گھریلو تشدید اور خواتین میں خود کشی کی شرح میں حد درجہ اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے اعدادوشمار تشویش کن ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کشمیر میں خواتین کی حالت انتہائی خوفناک ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موجودہ حالات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے، جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہئے۔
کشمیر یونیور سٹی کنو کیشن
بڈگام کی طالبہ کو فارسی میںامتیازی پوزیشن حاصل
سرینگر//سید اعجاز// بڈگام کے چھتر گام سے تعلق رکھنے والی ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی طالبہ ناہیدہ فدا دختر فداحسین ساکن چھتر گام بڈگام نے گزشتہ دنوں کشمیر یونیورسٹی کے سالانہ کنو کیشن کے دوران فارسی زبان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پردوگولٖڈمیڈل اور سند حاصل کی ہے۔ناہیدہ نے فارسی میں پوسٹ گریجویشن2020کے دوران مکمل کی تھی ۔اس دوران جہاں ناہیدہ کی اس کامیابی پر افراد خانہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے، وہیں دوسری جانب گائوں کی تمام آبادی نے اس متوسط گھرانے کی طالبہ کی سخت محنت اور عظیم کامیابی پر خوشی کا اظہار کر کے اُسے مبارک باد پیش کی ہے ۔قریبی رشتہ داروں نے بتایا ناہیدہ نے کسی مشکل کو اپنی تعلیم میں رکاوٹ بننے نہیں دیا اور اپنے علاقے اور والدین کا نام روشن کیا ہے ۔ناہیدہ فدا نے اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کے سر باندھا ہے ۔انہوں نے اپنے والدین کے قلیل وسائل کے باوجود ہر ممکنہ تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ناہیدہ بچپن سے ایک ذہین اور محنتی طالبہ تھی۔
۔15اگست تقریبات
ڈی سی پلوامہ نے انتظامات کا جائزہ لیا
سید اعجاز
پلوامہ//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پلوامہ بصیرالحق چودھری نے15اگست کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع میں افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ 75 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں میٹنگ میں ضلعی افسران اور سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بصیر الحق چودھری نے کہا کہ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقد کی جائے گی جبکہ اسی طرح کی تقریبات پولیس لائن اونتی پورہ اور تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوں گی اور جے کے پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ،سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلاب مارچ پاسٹ پریڈ میں شرکت کریں گے۔انہوںنے یوم آزادی کے انتظامات کا جائزہ لیااس دوران مثالی کام کرنے والے ملازمین کو توصیفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا۔ ڈی سی نے تمام سرکاری دفاتر خاص طور پر تمام پنچایتوں میں قومی پرچم لہرانے پر زور دیا۔ڈی سی نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مناسب حفاظتی انتظامات پارکنگ کی سہولیات اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ بجلی اور پانی کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت کی کہ مناسب عملے ایمبولینس اور میڈیکیئر سہولیات کے ساتھ مناسب تعداد میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں جہاں یوم آزادی تقریب منعقد ہو۔انہوں نے میونسپل کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سڑکوں اور شہر کے اطراف میں صفائی کو برقرار رکھیں اور یوم آزادی کے پرامن انعقاد کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی رابطہ قائم کیا جائے۔
کالگی اوڑی میں تیندوں کی دہشت
عوام کی نیندیں حرام
ظفر اقبال
اوڑی//کالگی اوڑی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے تیندوں کی موجودگی کے سبب لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ 3 تیندوں کو رہاشی علاقوں میں دیکھا گیا ہے جبکہ ان خونخوار درندوں نے عبدالحمید خان کے گاو خانہ میں گھس کر ایک بیل کی چیر پھاڑ کی۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ تیندوں کی موجودگی سے ان کے دن کا سکون اور رات کی نیندیں اڑگئی ہیں اور محکمہ جنگلی حیات سے مطالبہ کیا کہ تیندوں کو فوری طور پر پکڑاجائے۔ رینج آفیسر وائلڈ لائف بارہمولہ الطاف احمد کولکاکہناہے کہ تیندوں کو پکڑنے کیلئے وہ جلدہی ٹیم کو علاقے میں بھیج دینگے ۔
کپوار اور شوپیاں کیلئے یوتھ نیشنل کانفرنس عہدیداروں کا تقرر
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کپوارہ ضلع کیلئے ڈسٹرکٹ کمیٹی تشکیل دی ہے اور عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا ہے۔ جاری کئے گئے احکامات کی رو سے عبدالرشید ملک ضلع صدر، فردوس احمد خان نائب صدر ضلع، اشفاق احمد خان نائب صدر، نذیر احمد بیگ سیکریٹری، عمر کفیل جوائنٹ سکریٹری اور بشیر احمد میر خرانچی مقرر کئے گئے ہیں ۔ضلع شوپیان کیلئے جہانگیر احمد شیخ کو اعجاز احمد میر کی جگہ ضلع صدر یوتھ نیشنل کانفرنس مقرر کیا گیا جبکہ اعجاز احمد میر کو جوائنٹ سکریٹری یوتھ نیشنل کانفرنس شوپیان کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ پارٹی صدرِ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمان عمران نبی ڈار اور صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے مذکورہ نوجوان لیڈران کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ خدمت خلق کے یساتھ ساتھ پارٹی کی مضبوطی کیلئے تن دہی سے کام کریں گے۔
شوپیان اور سرینگر کیلئے اپنی پارٹی عہدیداران کی تقرریاں
سرینگر//اپنی پارٹی نے منگل کو سرینگر اور شوپیان اضلاع کے لئے دفتری عہدیداروں کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اپنی پارٹی نائب صدر اور ضلع شوپیان انچارج ظفر اقبال منہاس اور ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ کی سفارش پر صوبائی صدر محمد اشرف کی منظوری کے بعدشبیر احمد ریشی کو اسمبلی حلقہ سونہ وار کا زونل کارڈینیٹر اور طاہر احمد میر کو ضلع کارڈی نیٹر شوپیان بنایاگیاہے۔
بھاجپا لیڈر ڈی کے نہرو دل کا دورہ پڑنے سے فوت
فیاض بخاری
بارہمولہ // بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ڈی کے نہرو کادل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ نہرو کو پیر کی شام بارہمولہ کے پانزلہ رفیع آباد گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال بارہمولہ لے جایا گیا۔ڈاکٹروں نے انہیں تشویشناک حالت میں سکمز صورہ منتقل کیاجہاں وہ منگل کو فوت ہوگئے۔ نہرو کی اہلیہ سشمہ نہرو بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کی پانزلہ رفیع آباد کی چیئر پرسن ہیں جبکہ ڈی کے نہرو بی جے پی کے ضلع صدر بارہمولہ بھی رہے ہیں ۔
ڈی اے منظور کرنے کیلئے ایل جی کا شکریہ: نگوا سکمز
سرینگر//جموں کشمیر کے ملازمین کے حق میں مہنگائی بتھہ (ڈیئرنیس الائونس) واگزار کرنے پر نگوا سکمز اور گورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور چیف سیکریٹری کا شکریہ اداکیا ہے ۔ یوٹی سرکار کی جانب سے جموں کشمیر کے ملازمین کے حق میں 11فیصدی ڈی اے منظور کئے جانے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے نگوا سکمز اور گورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس کانفرنس کے صدر اشتیاق بیگ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ریاستی چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کا شکریہ اداکیا ہے ۔ اشتیاق بیگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرکزی سرکاری کی جانب سے ملازمین کو ڈی اے منظور کئے جانے کے بعد یوٹی سرکار نے بھی ملازمین کے حق میں یہ فیصلہ لیا جو ملازمین کیلئے خوشی کی بات ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ سرکار کوچاہئے کہ اس طرح ملازمین کے دیگر دیرینہ مسائل اور مطالبات کی طرف بھی غور کرنا چاہئے ۔
بدرکوٹ ٹنگمرگ میں لوگوں کا ہلہ شری
چندہ جمع کرکے ڈرین تعمیر کی
ٹنگمرگ //مشتاق الحسن //بدرکوٹ ٹنگمرگ میں 10برسوں سے سرکاری طور پرڈرین کی تعمیر نہ کرنے سے دلبرداشتہ لوگوں نے چندہ جمع کرکے ڈرین تعمیر کی۔ مقامی لوگوںکاکہنا ہے کہ سب ڈویژن گلمرگ کے پہلے ماڈل ولیج بدرکوٹ ٹنگمرگ میں ڈرین تعمیر کرانے کے لئے محکمہ آر اینڈ بی اور رورل ڈیولپمنٹ سے سینکڑوں بار عرضیاں دیں تاہم دونوں محکموں نے عوام مانگ کو خاطر میں نہ لاکر ٹال مٹول سے کام لیا ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ ڈرین کی عدم دستابی سے جہاں لوگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں وہی سڑک کے متصل جگہ کم پڑ جانے سے ٹرانسپورٹ کی آواجاہی میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی ۔تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق بدرکوٹ ٹنگمرگ کے لوگوں نے چندہ جمع کرکے ہلہ شری سے ڈرین تعمیر کی جس پر قریب ایک لاکھ روپے صرف ہوئے۔
اوڑی میں معروف بزرگ کا انتقال
ظفر اقبال
اوڑی/ اوڑی کے معروف بزرگ پیر سید محمد شفیع گیلانی ساکنہ بٹنگی بونیار منگل کی شام 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔پیر محمد شفیع کی طبیعت کافی عرصہ سے ناساز تھی۔پیر محمد شفیع کی نماز جنازہ آج یعنی بدھ کی صبح 9:30 پر چلڈرن پارک بونیار میں انجام دی جائے گی۔
Contents
فارما ایسو سی ایشن وفد اَتل ڈولو سے ملاقی۔96پرموشن آرڈر تفویض کئے۔1971کی جنگ میں فتح کے50سال فتح مشعل کاسیاچن گلیشیر پر استقبال:دفاعی ترجمانسونہ مرگ میں وے برج پرس سی ٹی وی کیمرے نصبلوگوں کے مسائل اُجاگرکرنا نیشنل کانفرنس کی ترجیح:ساگر۔5 جونیئر’کے اے ایس‘افسروں کی آزمائشی مدت پوریبالاکوٹ حملہ:نئی تصنیف میں سارے حقائق پیش کرنے کا دعویٰبڈگام میں13مائیکروکنٹینمنٹ زونوں کا قیامخواتین میں خودکشی کا رجحاناپنی پارٹی زنانہ ونگ کو تشویش کشمیر یونیور سٹی کنو کیشن بڈگام کی طالبہ کو فارسی میںامتیازی پوزیشن حاصل۔15اگست تقریبات ڈی سی پلوامہ نے انتظامات کا جائزہ لیاکالگی اوڑی میں تیندوں کی دہشت عوام کی نیندیں حرامکپوار اور شوپیاں کیلئے یوتھ نیشنل کانفرنس عہدیداروں کا تقررشوپیان اور سرینگر کیلئے اپنی پارٹی عہدیداران کی تقرریاںبھاجپا لیڈر ڈی کے نہرو دل کا دورہ پڑنے سے فوت ڈی اے منظور کرنے کیلئے ایل جی کا شکریہ: نگوا سکمز بدرکوٹ ٹنگمرگ میں لوگوں کا ہلہ شریچندہ جمع کرکے ڈرین تعمیر کی اوڑی میں معروف بزرگ کا انتقال