سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ سماج میں مدافعت پیدا کرنے کےلئے کووِڈ- 19کی ٹیکہ کاری کو لازمی قراردیا جائے۔ایک بیان میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا کہ اس سے موجودہ عوامی صحت بحران کاخاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سماج میں مدافعت(Herd Immunity)اُس وقت پیدا ہوگی جب سماج کا کثیر طبقہ میں بیماری کیخلاف مدافعت پیدا ہوتی ہے اوراس طرح ایک فرد سے دوسرے فرد میں بیماری کے منتقل ہوناناممکن بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لازمی ٹیکہ کاری سماج میں قوت مدافعت پیدا کرنے کاموثر ذریعہ ہے جس سے نہ صرف وہ لوگ جنہوں نے ٹیکہ لیا ہے بلکہ وہ جنہوں نے ٹیکہ نہیں لیا ہے ،بھی محفوظ ہوتے ہیں ۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ کووِڈ- 19ابھی بھی ایک خطرہ بناہواہے اوراس سے پیچیدہ امراض لوگوں میں پیدا ہوتے ہیں اور وہ مررہے ہیں۔انفیکشن میں مبتلاءمریض دوسروں کو بھی اس میں مبتلاءکرسکتے ہیں اس طرح وہ دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس لئے کووِڈ ٹیکہ کاری کو لازمی قرار دیا جاناچاہیے۔انہوں نے کہاپہلے وباءکے آغازمیں اس بات کااندازہ لگایا گیاتھا کہ سترفیصدآبادی کوٹیکہ لگانے کی ضرورت ہوگی جس سے کہ یہ بیماری پھیلنے میں روک لگے گی لیکن اب ڈیلٹاقسم کے وائرس کی وجہ سے سماج میں قوت مدافعت پیدا کرنے کےلئے80فیصد آبادی کی ٹیکہ کاری کرنا لازمی ہے ۔