سرینگر//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی چیئرمین مبارک گل نے سوسائٹی کے عہدیداروں پر زور دیا ہے کہ وہ سماج سے جڑے متعدد مسائل کے بارے جانکاری کے پروگراموں کو ضلع سطح پر پہنچانے کیلئے کام کریں۔ ورچیول ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سوسائٹی کے ضلع اور صوبائی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ وہ ’پیپلز ہیلپ گروپ‘ پہل کو ہر ایک ضلع میں پہنچائیںاور اس بات کو یقینی بنائیںکہ اس سے تمام افراد مستفید ہوں۔ انہوںنے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ضلع سطح پر اپنی پہنچ کو آگے بڑھائیں تاکہ نوجوانوں اور خاص کر خواتین کی شمولیت ممکن ہوسکے۔ اس موقعہ پر عہدیداروںنے ’پیپلز ہیلپ گروپ‘ پہل پر چیئرمین کومبارکباد دی۔ شرکاءنے چیئرمین کو اپنے اپنے علاقوں میں سوسائٹی کے کام کاج کی جانکاری دی جبکہ انہوںنے دیئے جانے والے سالانہ ایوارڈ کی فہرست میں لل دید انعام شامل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر مبارک گل نے مانگ کو پورا کرنے کی حامی بھرلی۔ انہوں نے کہا کہ لل دید ہماری ثقافتی زندگی کی ایک مضبوط ستون ہیں۔ مبارک گل نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ’پیپلز ہیلپ گروپ‘ کے مقاصد کے پہل کوحقیقی معنوں میں آگے پہنچائیں۔ انہوںنے کہاکہ ’ہمیں اپنے کام اور دائرہ نظر کو جموںوکشمیر میں اتحاد کو پروان چڑھانا ہے، ہماری کوششیں علاقائیت، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کو روکنا ہونا چاہئے اور آج کی آزاد دنیامیں ان چیزوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ علاقائیت اور فرقہ واریت جیسی بیماریوںکے ہوتے ہوئے کوئی بھی سماج ترقی کا نہیں سوچ سکتی ، لہذا سماج میں ہمارا ایک مثبت رول بنتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کے بڑھنے سے دونوں خطوں کے تمام مذہبی گروپوں کے لوگوں میں بھائی چارہ مضبوط ہوا ہے ۔ انہوںنے عہدیداروںپر زوردیا کہ وہ نشیلی ادویات اور ا س کے مضر اثرات ، ماحولیاتی تباہی اور جہیز اور روڑ سیکورٹی کے بار ے میں جانکاری پھیلائیں۔ ورچیول میٹنگ میں وائس چیئرمین جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی و سابق وزیر بابو رامپال، چیئرمین یوتھ ونگ اور پیپلز ہیلپ گروپ ایڈوکیٹ یونس مبارک گل اور دیگر صوبائی، زونل ، ضلع، خواتین ونگ، یوتھ ونگ اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔